رسائی کے لنکس

دبئی ٹیسٹ، آسٹریلیا کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر پاکستان 255/3


محمد حفیظ اپنی شاندار اننگ کے دوران شارٹ کھلتے ہوئے
محمد حفیظ اپنی شاندار اننگ کے دوران شارٹ کھلتے ہوئے

دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز اوپنر محمد حفیظ اور امام الحق کے شاندار ڈبل سنچری سٹینڈ کے باعث پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر255 رنز بنا لئے۔ محمد حفیظ نے 126 رنز بنائے۔

کپتان سرفراز احمد نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد حفیظ اور امام الحق نے پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے اننگز کی پہلی بال سے ہی آسٹریلوی بولرز کا اعتماد کے ساتھ سامنا کیا اور اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے بولرز کو وکٹ لینے کا کوئی موقع نہیں دیا۔

محمد حفیظ شاندار سنچری کے ساتھ دو سال کے طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آئے. یہ ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کی 10 ویں سنچری ہے۔

دونوں اوپنرز کے درمیان 205 رنز کی شراکت اُس وقت اختتام کو پہنچی جب امام الحق 76 رنز بناکر ناتھن لایون کی گیند پر وکٹ کیپر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ امام الحق کے اسکور میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

یہ پاکستان کی کسی بھی اوپننگ جوڑی کا ٹیسٹ میچوں میں پانچواں ڈبل سنچری سٹینڈ ہے۔ آخری مرتبہ 2016ء میں اسی میدان پر اظہر علی اور سمیع اسلم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 215 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا۔

1990ء سے اب تک آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی ٹیم کے اوپنرز نے 10 مرتبہ ڈبل سنچری آغاز دیا ہے۔ سب سے حالیہ موہالی میں 2013ء میں مرلی وجے اور شیکھر دھون نے 289 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا۔

امام الحق کے آؤٹ ہوتے ہی محمد حفیظ بھی 126 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سِڈل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں یہ اُن کی پہلی اور متحدہ عرب امارات میں چوتھی سنچری ہے۔ یو اے ای میں محمد حفیظ کے رنز بنانے کی اوسط 55 اعشاریہ 27 ہے۔

سنچری کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں بحیثیت اوپنر محمد حفیظ کی 10 سنچریاں اور مجموعی رنز 3465 ہو گئے ہیں۔ پاکستانی اوپنر کی حیثیت سے صرف سعید انور کی سنچریوں کی تعداد محمد حفیظ سے زیادہ ہے۔

اظہر علی دبئی کی آسان وکٹ پر ایک بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور پہلے روز کا کھیل ختم ہونے میں صرف تین اوورز باقی تھے کہ 18 رنز بناکر ہالینڈ کی گیند پر سٹارک کو کیچ دے بیٹھے۔

پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹ پر 255 رنز بنائے تھے۔ حارث سہیل 15 اور نائٹ واچ مین محمد عباس ایک رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سِڈل، ناتھن لایون اور جون ہولینڈ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بیٹسمین آرون فنچ، وکٹ کیپر بیٹسمین ٹریویس ہیڈ اور آل راؤنڈر لابوس چاگنے نے آج اپنے ٹیسٹ کیریئر کی شروعات کی۔

پاکستان ٹیم میں امام الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، اسد شفق، حارث سہیل، بابر اعظم، سرفراز احمد، بلال آصف،یاسر شاہ، محمد عباس اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم آرون فنچ، عثمان خواجہ، شان مارش، ٹریویس ہیڈ، مچل مارش، لابوس چاگنے، ٹم پینے، مچل اسٹارک، پیٹر سیڈل، ناتھن لایون اور جون ہالینڈ پر مشتمل ہے۔

ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کا پلہ بھاری ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر 62 ٹیسٹ میچوں میں مدمقابل آ چکی ہیں۔

پاکستان نے 14 میچوں میں حریف ٹیم کو زیر کیا۔ آسٹریلیا نے 31 میں فتح حاصل کی جبکہ 17 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔

اس سے پہلے دونوں ٹیموں نے اس گراؤنڈ پر صرف ایک ٹیسٹ میچ کھلا ہے جس میں جیت پاکستان کا مقدر بنی۔

XS
SM
MD
LG