رسائی کے لنکس

'نوجوان انتشار پھیلانے والی تنظیم سے ہوشیار رہیں'


عمران خان وزیرستان کے اپنے دورے میں ایک اجتماع میں تقریر کر رہے ہیں۔ 24 اپریل 2019
عمران خان وزیرستان کے اپنے دورے میں ایک اجتماع میں تقریر کر رہے ہیں۔ 24 اپریل 2019

وزیر اعظم عمران خان نے پشتونوں کو درپیش سیکورٹی، سیاسی اور معاشی مسائل کے حل پر زور دینے کے لیے قائم ہونے والی پشتون تحفظ موومنٹ کے بارے میں ایک ہفتے کے اندر اپنا موقف دوبارہ تبدیل کرتے ہوئے اس کا نام لیے بغیر قبائلی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس تنظیم سے ہوشیار رہیں کیونکہ وہ انتشار پھیلا رہی ہے۔

جنوبی وزیرستان کے مرکزی قصبے وانا میں بدھ کے روز ایک جلسہ عام میں تقریر کے دوران وزیراعظم نے الزام لگایا کہ اس تنظیم کی مالی مدد نہ صرف بیرونی دنیا سے ہو رہی ہے بلکہ ماضی میں مالی بدعنوانی میں ملوث سیاسی جماعتیں بھی اس تنظیم کی حمایت کر رہی ہیں۔

چند روز قبل اورکرزئی میں جلسہ عام اپنی تقریر کے دوران وزیراعظم نے پشتون تحفظ تحریک کے موقف کو صحیح مگر اس کے طریقہ کار کی مخالفت کی تھی۔

پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور جنوبی وزیرستان سے ممبر قومی اسمبلی علی وزیر نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کے پاس ان الزامات کے بارے میں کوئی ثبوت ہیں تو وہ اسے عدالت میں پیش کریں اور عدالت کی جو سزا ہو گی وہ تمام کے لیے قابل قبول ہو گی۔

اُنہوں نے کہا کہ چند روز قبل وزیر اعظم نے پی ٹی ایم کے موقف کو صحیح قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہوں نے بھی قبائلی علاقوں میں فوج بھجوانے اور فوجی کاروائیوں کی مخالفت کی تھی۔

علی وزیر نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکومت پی ٹی ایم کی طرف سے پیش کیے گئے آئینی مسائل کو حل کرے۔

وانا کے علاوہ وزیر اعظم نے سینکئ رعزی میں محسود قبیلے کے رہنماؤں پر مشتمل ایک جرگے سے بھی خطاب کیا۔ احمدزئی وزیر اور محسود قبائل عرصہ دراز سے انتظامی مرکز کے مسئلے پر اختلافات کا شکار ہیں اور اب محسود قبائل ایک علیحدہ ضلع کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے دونوں جگہ خطاب میں اس مسئلے کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے کا یقین دلایا۔

وزیر اعظم نے جنوبی وزیرستان میں 100 کلومیٹر لمی نئی سڑک، دو ڈگری کالجوں اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سمیت کئی ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 21 نشستوں پر انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف زیادہ سے زیادہ نشستیں جیتنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اور اسی مقصد کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے تمام سات نئے اضلاع کے دوروں اور عوامی اجتماعات سے خطابات کا اپنا سلسلہ مکمل کر لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG