رسائی کے لنکس

پانچویں ون ڈے میں پاکستان فاتح، سیریز بھی جیت لی


ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 243 رنز کا ہدف دیا تھا جسے قومی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 50 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-3 سے جیت لی ہے۔

بدھ کو سینٹ لوشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 243 رنز کا ہدف دیا تھا جسے قومی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 50 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد نے 64 اور کپتان مصباح الحق نے 63 رنز بنائے۔ عمر اکمل 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

اڑتالیسیوں اوور میں جب پاکستان کا اسکور پانچ وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز تھا تو میچ کچھ دیر کے لیے بارش کے باعث روکنا پڑا لیکن موسم بہتر ہونے پر کھیل جلد ہی دوبارہ شروع ہوگیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹینو بیسٹ تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس پر میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔

ڈینی براوو 48 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ مارلن سیموئلز نے 45 اور جانسن چارلز نے 43 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے تین جب کہ محمد عرفان اور سعید اجمل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 126 رنز سے جیتا تھا جب کہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 37 رنز سے فتح حاصل ہوئی تھی۔

سیریز کا تیسرا میچ برابر رہا تھا لیکن چوتھے میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں سے میزبان ٹیم کو شکست دیدی تھی۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے اختتام پر دونوں ٹیمیں27 اور 28 جولائی کو کنگز ٹائون میں دو ٹی20 میچز بھی کھیلیں گی۔
XS
SM
MD
LG