رسائی کے لنکس

زمبابوے کو شکست، ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی ناقابلِ شکست برتری


زمبابوے نے پاکستان کو کامیابی کے 135 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان ٹیم نے ہدف 16ویں اوور میں ہی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حیدر علی نے 66 رنز جب کہ بابر اعظم نے 51 رنز بنائے۔
زمبابوے نے پاکستان کو کامیابی کے 135 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان ٹیم نے ہدف 16ویں اوور میں ہی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حیدر علی نے 66 رنز جب کہ بابر اعظم نے 51 رنز بنائے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں راولپنڈی میں میزبان ٹیم نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہو گئی ہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا یہ فیصلہ درست بھی ثابت ہوا۔

سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ کامیاب بلے باز ناٹ آوٹ رہنے والے ریان بری تھے۔ جنہوں نے 22 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 32 رنز بنائے۔

ویسلے مادھورے نے 24، چیگمبرا نے 18، چیبھابھا نے 15 جب کہ تری پانو نے 15 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ حارث رؤف نے 31 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ فہیم اشرف نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ البتہ پاکستان کی پہلی وکٹ 10 کے مجموعی اسکور پر تیسرے اوور میں اس وقت گری، جب فخر زمان مزرابانی کی گیند پر چیگمبرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے پانچ رنز بنائے تھے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے حیدر علی آئے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی کامیابی کی بنیاد کو مضبوط کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کی۔ البتہ بابر اعظم 13 ویں اوور میں 110 کے مجموعی اسکور پر مزرابانی کی گیند پر چیگمبرا کے ہاتھوں ہی کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے صرف 28 گیندوں پر 51 رنز بنائے تھے۔ انہوں نے اننگز میں ایک چھکا اور 8 چوکے لگائے۔

حیدر علی کا ساتھ دینے خوشدل شاہ آئے اور ان دونوں کھلاڑیوں نے 16ویں اوور کی پہلی گیند پر 137 رنز تک اسکور پہنچا کر پاکستان کو فتح سے ہم کنار کیا۔

خوشدل شاہ نے 11 رنز بنائے جب کہ حیدر علی 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔ حیدر علی کو اس اننگز پر مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔

زمبابوے کے 134 رنز کے جواب میں 137 رنز بنا کر پاکستان نے ناصرف میچ میں کامیابی حاصل کی بلکہ سیریز میں بھی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔

گزشتہ روز ہونے والے میچ میں بھی پاکستان نے زمبابوے کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کل کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG