رسائی کے لنکس

پاکستان، ویسٹ انڈیز کے خلاف 136 رنز سے فتحیاب


آج کے میچ کی ناکامی کا سبب یہ بھی تھا کہ ویسٹ انڈیز کی نصف ٹیم ڈیڑھ سو رنز سے بھی پہلے پویلین لوٹ گئی تھی

کراچی ... ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم تمام کوششوں کے باوجود بدھ کو ابو ظہبی میں کھیلا جانے والا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ بھی جیتنے میں ناکام ہوگئی، اور یوں، پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز بھی جیت کر اسے ’وائٹ واش‘ کر دیا ہے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 309 رنز کا ہدف دیا تھا جسے وہ عبور نہیں کر سکی۔ وہ صرف 172 رنز ہی بناسکی اور یوں پاکستان 136 رنز کے بڑے مارجن سے جیت گیا۔

آج کے میچ کی ناکامی کا سبب یہ بھی تھا کہ ویسٹ انڈیز کی نصف ٹیم ڈیڑھ سو رنز سے بھی پہلے پویلین لوٹ گئی تھی۔

اوپنر کے طور پر آنے والے بریتھ ویٹ شعیب ملک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ اس وقت ان کا انفرادی اسکور 32 رنز تھا۔ ان کے ساتھ لیوائس اتنا بھی اسکور نہیں کرسکے اور صرف 22 رنز پر سہیل خان کی بال پر بولڈ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کو براوو سے بہت سی امیدیں تھیں کیوں کہ اب تک کے میچوں میں ان کی کارکردگی قابل تحسین رہی تھی۔ لیکن، بدھ کو وہ بھی نہ چل سکے اور محض 17رنز بنا کر پویلین واپس ہوئے۔ انہیں وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد نے کیچ کیا۔

سیموئل 13رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ پولاڈ گیارہ رنز پر محمد نواز کی بال کھیلتے ہوئے شعیب ملک کو کیچ دے بیٹھے۔

رام دن اور ہولڈر نے اسکور کو کچھ آگے بڑھایا تھا کہ عماد وسیم نے جیسن ہولڈر کو صرف 26رنز پر ان کی وکٹ اڑا دی۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 159رنز تھا اور جیسن ہولڈر چھٹے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے تھے۔

جیسن ہولڈر کی جگہ نارائن نے لی جبکہ دوسرے اینڈ پر رام دن کھڑے تھے۔ لیکن سنیل نارائن کی قسمت نے بالکل بھی یاوری نہیں کی۔ وہ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے تو گراؤنڈ میں ناصرف میوزک بچ اٹھا بلکہ پاکستانی شائقین کی خوشی دوبالا ہوگئی۔ انہوں نے کھڑے ہوکر نواز کو شاباشی دی جنہوں نے نارائن کو فوری طور پر پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

اب باری سلیمان بین کی تھی۔ لیکن وہ بھی کوئی رن نہ بناسکے اور آؤٹ ہوگئے۔ انہیں سہیل خان نے محمد نواز کی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔ بین کی جگہ لینے جوزف کریز پر پہنچے۔ لیکن، شعیب ملک نے وہاب ریاض کی محنت کو کیچ لیکر کامیاب کردیا۔ جوزف صرف دو رنز ہی بناسکے تھے۔

آخری وکٹ کے طور پر گیبریل میدان میں آئے جبکہ رام دن پہلے سے کریز پر موجود تھے۔ رام دن نے 37 رنز بنائے جبکہ گیبریل ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے آج بھی چھ بالرز نے اپنے ہنر دکھائے۔ حسن علی نے کوئی وکٹ نہیں لیا، جبکہ محمد نواز نے 3، وہاب ریاض نے 2 جبکہ عماد وسیم، سہیل خان اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ لی۔

XS
SM
MD
LG