رسائی کے لنکس

یوٹیوب تک جزوی رسائی بحال


یوٹیوب تک جزوی رسائی بحال
یوٹیوب تک جزوی رسائی بحال

وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ ایک روز قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے بعد ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یوٹیوب تک جزوی رسائی بحال کر دی گئی ہے تاہم اس پر موجود توہین آمیز اور متنازعہ مواد تک رسائی بدستوربند رہے گی ۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر عارضی پابندی لگانے کا حکم دیا تھا تاکہ اس پر پیغمبر اسلام کے خاکے بنانے کے مقابلوں کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔ عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے فیس بک تک رسائی پر پابندی لگادی جب کہ اس کے ایک روز بعد اپنے پر طور پرحکومت نے یوٹیوب کو بھی بند کردیا۔

تاہم ملک میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی طرف سے یوٹیوب کی بندش کی مخالفت کے پیش نظر اب یہ سہولت جزوی طور پر بحال کردی گئی ہے لیکن انٹرنیٹ کمپنیوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ صارفین کی اکثریت فیس بک پر پابندی کی حامی ہے تاوقتیکہ اس کے منتظم توہین رسالت کے اقدام پر معافی مانگتے ہوئے اپنی پالیسی تبدیل نہ کر دیں۔

محتاط اندازوں کے مطابق پاکستان میں اس وقت لگ بھگ 35 لاکھ افراد فیس بک اوریو ٹیوب کو استعمال کرتے ہیں جن میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔ انٹرنیٹ کمپنیوں کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی 25فیصد ٹریفک کا انحصار بھی ان ہی دو ویب سائٹس کے استعمال پر ہے۔

دریں اثناء اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں یوٹیوب پر پابندی ختم کرنے کے فیصلے سے پاکستانی فلمساز فراز صدیقی کو اُمید کی نئی کرن نظر آئی ہے جو امریکی محکمہ خارجہ کے ڈیموکریسی ویڈیو چیلنج2010ء کے آخری مراحل طے کر رہے ہیں۔ اب 15جون تک پاکستان اور دنیا بھر کے انٹر نیٹ صارفین فائنل میں پہنچنے والی فلموں کو دیکھ سکتے ہیں اور اپنی پسند کی فلم کے حق میں ووٹ بھی دے سکتے ہیں۔

ان فلموں میں فراز صدیقی کی فلم ”جمہوریت لوگوں کی جانب سے پیغام ہے“ بھی شامل ہے۔

ڈیموکریسی ویڈیو چیلنج مقابلوں کے دوسرے سال 700 فلمیں موصول ہوئی ہیں ۔ 83 ملکوں سے مقابلے میں حصہ لینے والوں نے ”ڈیموکریسی از ۔۔۔۔“ کے جملے کو مکمل کرنے کے لیے فلمیں تخلیق کیں۔ جیتنے والے فلمساز واشنگٹن، نیویارک اور ہالی ووڈ کی مفت سیر کریں گے جہاں وہ فلمی شخصیات اور حکومت میں شامل رہنماؤں سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ اپنی فلموں کے میلے میں شرکت بھی کریں گے۔

فراز صدیقی ایک فلمساز ، عکاس اور گرافک ڈیزائنرہیں ۔ نومبر 2007ء میں اُنھوں نے ’ ’ کولاج“ کے نام سے ایک ڈیزائن و پروڈکشن ہاؤ س قائم کیا جس کا مقصد باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو اُن کے فن اور پیغامات کے اظہار کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ فراز صدیقی ڈیموکریسی ویڈ یو چیلنج کے آخری مرحلے تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

XS
SM
MD
LG