رسائی کے لنکس

ژوب میں خودکش کار بم دھماکا، چار سکیورٹی اہلکار زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حملہ آور نے گاڑی میں بارودی مواد رکھا ہوا تھا، جب وہ چیک پوسٹ سے پہلے لگے ناکے پر پہنچا تو وہاں سکیورٹی اہلکاروں نے اسے روکا جس دوران اس نے دھماکا کر دیا۔

بلوچستان کے شمالی ضلع ژوب میں جمعہ کو ایک خودکش کار بم دھماکے میں ایک بچہ اور سکیورٹی فورسز کے چار اہلکار زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ ایک حساس علاقے میں پیش آیا جہاں حملہ آور فوجی علاقے میں گھسنے کا ارادہ رکھتا تھا لیکن وہ یہاں تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

ژوب کے ضلعی پولیس افسر زاہد افضل نے وائس آف امریکہ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا۔

"حملہ آور نے گاڑی میں بارودی مواد رکھا ہوا تھا، جب وہ چیک پوسٹ سے پہلے لگے ناکے پر پہنچا تو وہاں سکیورٹی اہلکاروں نے اسے روکا جس دوران اس نے دھماکا کر دیا۔۔۔دھماکے سے گاڑی کے حصے سکیورٹی اہلکاروں کو لگے وہ زخمی ہو گئے۔"

ان کا کہنا تھا کہ یہاں موجود ایک بچے کو بھی واقعے میں معمولی زخم آئے ہیں۔

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی لیکن حکام کے بقول گنجان آباد علاقہ نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

مقامی صحافیوں کے مطابق جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں قریب ہی حساس ادارے کا ایک دفتر بھی تھا۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً چار سو کلومیٹر دور واقع یہ ضلع قبائلی علاقے وزیرستان سے ملحق ہے جو کہ ایک عرصے تک شدت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ رہا ہے۔

گزشتہ دو برسوں میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خاصی بہتر رہی تھی لیکن رواں سال کے اوائل ہی سے ایک بار پھر پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اس ماہ پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر ہونے والا یہ چھٹا حملہ تھا۔ ایک روز قبل بھی کوئٹہ میں شدت پسندوں کی فائرنگ سے چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

XS
SM
MD
LG