رسائی کے لنکس

پاکستان میں چھ سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز


pakistan cricket board
pakistan cricket board

میچ شروع ہونے سے پہلے ہی شائقین کی ایک بڑی تعداد سخت گرمی کے باوجود کئی گھنٹے قبل اسٹیڈیم کے باہر جمع ہو گئی۔

پاکستان کی سرزمین پر بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا خواب چھ سال بعد جمعہ کو پورا ہوا۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچوں میں سے پہلا میچ جمعہ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کا چھ سالوں میں پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

میچ شروع ہونے سے پہلے ہی شائقین کی ایک بڑی تعداد سخت گرمی کے باوجود کئی گھنٹے قبل اسٹیڈیم کے باہر جمع ہو گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتھک کوششوں کے بعد ملک میں طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی کوئی ٹیم میچ کھیلنے پر رضا مند ہوئی اور رواں ہفتے زمبابوے کرکٹ ٹیم کی آمد پر لاہور میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں لگ بھگ 27 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔

جمعہ کو لاہور میں ہونے والے اس میچ کے موقع پر پنجاب پولیس نے 3,000 پولیس اہلکار اسٹیڈیم کے اردگرد تعینات کیے جب کہ قذافی جانے والی سڑکوں کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی تاریخ کا یہ پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل بھی ہے۔ اس میدان میں اب تک 40 ٹیسٹ اور 58 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں۔

اس سے قبل آخری مرتبہ 2009 میں سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا مگر ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم پاکستان کا رخ نہیں کیا، جس سے مقامی کرکٹ شائقین کو سخت مایوسی کا سامنا رہا۔

پاکستانی ٹیم اگر زمبابوے کو سیریز کے دونوں ٹی 20 میچوں میں شکست دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ آئی سی سی کی عالمی ٹی 20 رینکنگ میں اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھے گی۔

دونوں ملکوں کے درمیان تین ایک روزہ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ یہ سارے میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں منعقد کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG