رسائی کے لنکس

بھارتی ایوان صدر میں پاکستانی بینڈ ’اسٹرنگز‘ کی تانیں


پاکستانی بینڈ ’اسٹرنگز‘ نے وہ اعزاز اپنے نام کیا جو اب تک کسی اور کے حصے میں نہیں آیا. اور وہ اعزاز ہے بھارتی صدر پرناب مکھرجی کے سامنے پرفارم کرنے کا

پاکستانی سنگرز کے سُر اور دھنیں پڑوسی ملک بھارت میں بھی اتنی ہی پسند کی جاتی ہیں جتنی پاکستان میں۔ عاطف اسلم سے لے کر راحت فتح علی خان تک بہت سے پاکستانی سنگرز بالی وڈ کی فلموں میں آواز کا جادو جگاتے نظر آتے ہیں اور کئی بلاک بسٹر ہٹس ہندی میوزک کو دے چکے ہیں۔ لیکن، پاکستانی بینڈ ’اسٹرنگز‘ نے وہ اعزاز اپنے نام کیا جو اب تک کسی اور کے حصے میں نہیں آیا۔ اور وہ اعزاز ہے بھارتی صدر پرناب مکھرجی کے سامنے پرفارم کرنے کا۔

’اسٹرنگز‘ وہ پہلا پاکستانی بینڈ ہے جسے ’راشٹر پتی بھون‘ یعنی پریذیڈنٹس ہاوٴس میں اپنے فن پیش کرنے کا موقع ملا۔ تقریب تھی نئی دہلی کے پرانے قلعے میں سجنے والا ’ساوٴتھ ایشین بینڈز فیسٹول‘ کا آغاز جس میں پاکستان کے علاوہ بھارت کے بینڈ ’ایڈویٹا‘ اور بنگلہ دیش کے ’لو رنز بلائنڈ‘ نے بھی پرفارم کیا۔

اسٹرنگز نے 20 منٹ کی انفرادی پرفارمنس میں اپنے مقبول ترین نمبرز ’دور‘، ’سر کئے‘ اور ’زندہ‘ پیش کرکے بھارتی ایوان صدر میں سماں باندھ دیا۔ اختتام پر بھارتی اور بنگلہ دیشی بینڈز کے ساتھ مل کر ’لال میری پَت‘ شاندار طریقے سے پیش کیا۔

اسڑنگز کے لیڈ سنگر، فیصل کپاڈیہ کا کہنا ہے ’بھارتی صدر پرناب مکھرجی کے سامنے پرفارم کرنا بہت عزت اور اعزاز کی بات تھی۔ ہم نے ان کے سامنے پاکستانی پاپ راک میوزک پیش کیا۔‘

اسٹرنگز کے ایک اور بینڈ ممبربلال مقصود نے اپنے خیالات کا اظہار یہ کہہ کر کیا کہ ’پہلے پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش ایک تھے۔ آج سرحدوں میں تقسیم ہوچکے ہیں لیکن اگر ہمارا میوزک دلوں کو ایک ہی لڑی میں پرونے کے کام آ سکتا ہے تو اس سے زیادہ ہمیں کچھ نہیں چاہئے۔‘

بھارت کے صدر پرناب مکھرجی نے فیصل کپاڈیہ اور بلال مقصود سے ملاقات میں نیک خواہشات کا اظہارکیا۔اس موقع پر میوزیکل ایونٹ میں بھارت کی ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات موجود تھیں۔

فیس بک پر ’اسٹرنگز‘ کے آفیشل پیج کے علاوہ دیگر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر بھی ’اسٹرنگز‘ کی پرفارمنس کا چرچا ہے۔ ’اسٹرنگز‘ کے ہزاروں نوجوان فینز ’اسٹرنگز‘ کے میوزک اور اسٹائل کی تعریف کررہے ہیں جبکہ میوزک ایوننگ میں موجود لوگوں نے ’اسٹرنگز‘ کی پرفارمنس کو سب سے یادگار پرفارمنس قرار دیا۔

بھارت کے وزیر برائے نیو اور رینیو ایبل انرجی فاروق عبداللہ نے ’اسٹرنگز‘ کو آئندہ سال جنوری میں کشمیر میں پرفارم کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ فیسٹول ابھی جاری ہے اور اس میں ساوٴتھ ایشیا کے نو ملکوں کے چودہ بینڈز شرکت کر رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG