رسائی کے لنکس

فضا اور شزا کا قصہ: 'پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میمرز کو مایوس نہیں کرتی'


پاکستان کے نجی ٹی وی چینل 'اے پلس انٹرٹینمنٹ' کے ایک ڈرامہ سیریز کا کلپ سوشل میڈیا پر اتنا وائرل ہو رہا ہے کہ ہیش ٹیگ فضا ٹوئٹر کے ٹرینڈنگ پینل پر تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل 'اے پلس انٹرٹینمنٹ' کے ایک ڈرامہ سیریز کا کلپ سوشل میڈیا پر اتنا وائرل ہو رہا ہے کہ ہیش ٹیگ فضا ٹوئٹر کے ٹرینڈنگ پینل پر تیسرے نمبر پر ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر ہو یا فیس بک جمعرات سے سوشل میڈیا پر 'فضا ' اور 'شزا' کے چرچے ہیں۔ کسی کو تو یہ قصہ ہی سمجھ نہیں آ رہا تو متعدد صارفین میمز سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینل 'اے پلس انٹرٹینمنٹ' کے ایک ڈرامہ سیریز کا کلپ سوشل میڈیا پر اتنا وائرل ہو رہا ہے کہ ہیش ٹیگ 'فضا' ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔

وائرل ہونے والی کلپ ڈرامہ سیریز 'حقیقت' کی 'جڑواں' عنوان پر مبنی قسط کی ہے جو فروری 2020 میں نشر ہوئی تھی لیکن اس ڈرامے کا کلپ اب وائرل ہوا ہے۔

اس قسط میں دو جڑواں بہنیں فضا اور شزا کی کہانی دکھائی گئی ہے جن کی ایک ہی گھر میں دو بھائیوں زین اور فراز سے شادی ہو جاتی ہے۔

لیکن کہانی اس وقت دوسرا رخُ اختیار کرتی ہے جب شادی کے روز جڑواں بہنوں کے کمرے تبدیل ہو جاتے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے کمروں میں چلی جاتی ہیں۔

اس معاملے کے پیچھے 'پھپھو ' کی سازش دکھائی گئی ہے جو اپنی بیٹی کی شادی ان بھائیوں میں سے کسی ایک کے ساتھ کرنے کی خواہش مند ہوتی ہیں اس میں ناکامی پر وہ شادی کے دن دونوں دلہنوں کے کمرے تبدیل کر دیتی ہیں۔

ڈرامے کے وائرل ہونے والے منظر میں دیکھا جا سکتا ہے جب دلہا اپنی دلہن کو تحفہ دیتے وقت دلہن کو اس کے نام 'فضا ' سے مخاطب کرتا ہے تو اسی لمحے وہ ہکا بکا رہ جاتی ہے اور کہتی ہے کہ "میں فضا نہیں شزا ہوں۔" دلہن مزید کہتی ہے کہ آپ فراز نہیں ہیں جس پر لڑکا کہتا ہے کہ "نہیں میں زین ہوں۔"

ڈرامے میں چوں کہ ارینج شادی دکھائی گئی ہے تو شادی سے قبل دونوں جڑواں بہنوں اور لڑکوں نے ایک دوسری کو نہیں دیکھا ہوتا۔

اس کلپ کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر کہیں یہ کہا جا رہا ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں بھارت کے مشہور ٹی وی چینل 'اسٹار پلس' کے ڈراموں کا عکس نظر آ رہا ہے تو کچھ لوگ یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ حقیقی زندگی میں ایسا کہیں نہیں ہوتا۔

یاسین ثانی نے ایک میم شیئر کی جس میں انہوں نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے پاکستان کے ٹی وی اینکر شاہ زیب خانزادہ اور بھارتی صحافی ارنب گوسوامی کو 'فضا ' اور 'شزا' سے موازنہ کیا۔

عالیہ جاوید نامی صارف نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے کے فضا اور شزا والے منظر کو بھارت کے ڈرامے 'ساتھ نبھانا ساتھیا' کی وائرل ہونے والی کلپ 'رسوڑے میں کون تھا' کے ساتھ جوڑنا چاہیے۔

عمیر جاوید کہتے ہیں کہ اب جب بھی مجھے کوئی کام کرنےکو بولے گا تو میں کہوں گا کہ میں فضا نہیں شزا ہوں۔

سعدی یوسف کہتے ہیں کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میمرز کو مایوس نہیں کرتی۔

ایک صارف نے بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور پاکستانی ٹی وی پرسن ساحر لودھی کی تصویر پر فضا اور شزا لکھ کر پوسٹ شیئر کی۔

میاں عمر نامی صارف کہتے ہیں کہ شاید میں وہ پہلاشخص ہوں جسے فضا اور شزا کا قصہ نہیں پتا۔

ایک صارف نے ماضی کے پاکستانی ڈرامے 'تنہایاں' کی ثنیہ اور زارا کا فضا اور شزا سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کہیں نہ کہیں چند غلطیاں کی ہیں اور ہم پیچھے جا رہے ہیں۔

صارف کے ٹوئٹ پر صحافی مہوش اعجاز نے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ موازنہ بالکل احمقانہ ہے، فضا اور شزا جیسے ڈرامے تو ہیں لیکن وہیں ایسے پاکستانی ڈرامے بھی ہیں جنہیں آپ لوگ نہیں دیکھنا چاہتے کیوں کہ آپ لوگ صرف اس ہی ڈراموں پر توجہ دیتے ہیں جن پر آپ تنقید کرنا چاہتے ہیں۔

اس معاملے کے بعد ڈرامے میں فضا اور شزا کا کردار ادا کرنے والی کرن تعبیر نے جمعرات کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے ردِ عمل کا اظہار کیا۔

Kiran Tabeir thoughts on Fizza Shizza memes
Kiran Tabeir thoughts on Fizza Shizza memes

اداکارہ کرن تعبیر نے کہا کہ "زیادہ ضروری ہے کہ ہم ان مسائل پر بات کریں جن پر آواز اٹھانی چاہیے، جن مسائل کو اس ملک میں ہماری آواز کی اور ٹرینڈ ہونے کی بہت ضرورت ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "پلیز اپنے وقت اور توانائی کا درست استعمال کریں شاید اس سے کسی کا بھلا ہو جائے۔ نہیں تو آپ کی مرضی ہے اور آپ فضا اور شزا کے معاملے سے لطف اندوز ہوں۔"

XS
SM
MD
LG