پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک مسافر بس دریا میں گرنے سے اطلاعات کے مطابق 24 مسافر بہہ گئے اور اُن تمام کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق یہ بس جمعہ کو دیر گئے نوسہری کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی اور بظاہر تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور یہ دریائے نیلم میں جا گری۔
ہفتہ کی صبح تک چار لاشیں نکالی جا چکی تھیں جب کہ دیگر کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ بس کا ملبہ اور لاشیں دریا کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے ہیں۔
حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایک شخص نے امدادی کارکنوں کو بتایا کہ بس پر 25 افراد سوار تھے۔
پاکستانی کشمیر میں اس سے قبل بھی ایسے حادثات پیش آ چکے ہیں جن میں گاڑیاں تیز رفتاری یا کسی تکنیکی خرابی کے باعث گہری کھائی یا پھر دریا میں گرنے سے جانی نقصان ہوتا رہا ہے۔
پاکستان میں سڑک کے حادثات کوئی غیر معمولی بات نہیں اور اس کی بنیادی وجہ سڑکوں کی خراب حالت، غیر محتاط ڈرائیونگ اور گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونا بتائی جاتی ہیں۔
ہر سال یہاں ہزاروں افراد سڑک کے مختلف حادثات میں اپنی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔