رسائی کے لنکس

پیرس: پولیس پر بارودی کار سے حملہ، ایک شخص ہلاک


فرانس میں دہشت گردی کے متعدد واقعات کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ پیرس کے شاپنگ مرکز شازنزی میں پولیس کا گشت۔ اپریل 2017
فرانس میں دہشت گردی کے متعدد واقعات کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ پیرس کے شاپنگ مرکز شازنزی میں پولیس کا گشت۔ اپریل 2017

فرانس میں 2015 سے ہنگامی صورت حال نافذ ہے اور اس کی مدت اگلے ماہ ختم ہو جائے گی لیکن وزیر داخلہ مسٹر کولمب کہتے ہیں کہ وہ اسے نومبر تک مزید توسیع دینے کا ایک بل پیش کریں گے۔

پیرس میں پولیس نے کہا ہے کہ شہر کے مقبول شاپنگ ڈسٹرکٹ شازنزی میں ایک شخص دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک کار کو ایک پولیس وین سے ٹکرا نے کے بعد ہلاک ہو گیا۔

پولیس نے کہا ہے کہ اس حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور یہ کہ کار سے ایک كلاشنكوف رائفل، ہینڈ گنز اور گیس کی بوتلیں بھی ملیں۔

فرانس کے انسداد دہشت گردی کے پراسیکیوٹر نے اس واقعہ کے بارے میں تفتیش شروع کر دی ہے ۔ ہلاک ہونے والے 31 سالہ شخص کے بارے میں عہدے داروں کو علم تھا کہ ممکنہ طور پر اس کے انتہاپسندوں سے رابطے تھے۔

وزیر داخلہ جیرالڈ کولمب نے کہا ہے کہ اس واقعہ سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ فرانس میں دہشت گرد حملوں کے پیش نظر ہنگامی صورت حال میں توسیع کر دی جانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں سے جو ابھی تک ایسے قوانین کی ضرورت کے بارے میں سوال کر رہے ہیں، میں یہ کہوں گا کہ فرانس کو اس کی ضرورت ہے اور یہ کہ اگر ہم اپنے شہریوں کو بہترین تحفظ دینا چاہتے ہیں تو ہمیں ایک خاص حد تک ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جو ہمیں اس شخص جیسے افراد کا پیچھا کرنے کی اجازت دیں تاکہ ہم ایسے حملوں کو روک سکیں، خواہ ان کا ہدف عام شہری ہوں یا سیکیورٹی فورسز۔

فرانس میں 2015 سے ہنگامی صورت حال نافذ ہے اور اس کی مدت اگلے ماہ ختم ہو جائے گی لیکن مسٹر کولمب کہتے ہیں کہ وہ اسے نومبر تک مزید توسیع دینے کا ایک بل پیش کریں گے۔

گذشتہ اپریل میں صدارتی انتخاب سے قبل ایک مسلح شخص نے ایک پولیس اہل کار کو اسی مشہور سڑک پر ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا تھا ۔ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

XS
SM
MD
LG