رسائی کے لنکس

پی ایس ایل فائیو: کرونا کے سبب ملتوی میچز نومبر میں کھیلے جائیں گے


پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ملتوی ہونے والے بقیہ چار میچز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں محفوظ ماحول میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کو اپنے ایک پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث مارچ میں منسوخ ہونے والے پی ایس ایل ایڈیشن فائیو کے بقیہ چار میچز نومبر میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے بقیہ میچوں کی تاریخیں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی انتظامیہ کی مشاورت سے طے کی گئی ہیں۔ یہی وہ ٹیمیں ہیں جو باقی چار مقابلوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

میچز کس وقت کھیلے جائیں گے، اس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا کوالیفائر میچ اور ایلیمنٹر وَن 14 نومبر کو ایک ہی دن کھیلے جائیں گے جب کہ 15 نومبر کو ایلیمنٹر ٹو اور پھر ایونٹ کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز مدمقابل ہوں گے، جب کہ ایلیمنٹر وَن میں لاہور قلندرز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہو گا۔ کوالیفائر میچ ہارنے والی ٹیم ایلیمنٹر میچ جیتنے والی ٹیم سے 15 نومبر کو ٹکرائے گی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ تمام میچز کرونا وائرس پروٹوکولز کے تحت محفوظ ماحول میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز فی الحال بند دروازوں میں یعنی شائقین کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ اکتوبر میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل ایڈیشن فائیو میں 15 مارچ تک 30 میچز کھیلے جا چکے تھے جس میں جیت، ہار کے تناسب سے ملنے والے پوائنٹس کے تحت ملتان سلطان کی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ لاہور قلندرز تیسرے، پشاور زلمی چوتھے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پانچویں اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم چھٹے نمبر پر ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایونٹ کے بقیہ میچوں میں جو چار ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، ان میں سے صرف پشاور زلمی ہی ایونٹ کی فاتح رہ چکی ہے۔ اس کے علاوہ بقیہ تین ٹیمیں پی ایس ایل چیمپئن کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہیں۔

پی ایس ایل فائیو کی مجموعی انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے علاوہ پانچ لاکھ ڈالرز کی رقم دی جائے گی اور رنر اَپ کو دو لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

XS
SM
MD
LG