رسائی کے لنکس

پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کا شیڈول جاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پی ایس ایل فور کے چار میچز ابوظہبی میں بھی رکھے گئے ہیں جب کہ ٹورنامنٹ کے آخری آٹھ میچز پاکستان میں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ - سیزن فور کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

ایونٹ جمعرات، 14 فروری سے اتوار، 17 مارچ 2019ء تک متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں ہو گا۔

دو ممالک کے پانچ شہروں میں ہونے والے پاکستان سپرلیگ سیزن 4 کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن کے طور پر ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔

پی ایس ایل کی باقی ٹیموں میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور تیسرے سیزن میں ’ملتان سلطان‘ کے طور پر حصہ لینے والی چھٹی ٹیم کی جگہ نئے نام اور نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ترتیب پانے والی چھٹی ٹیم شامل ہے۔

جن شہروں میں اس ایونٹ کا میلہ لگے گا ان میں دبئی، شارجہ، ابوظہبی، لاہور اور کراچی شامل ہیں۔

پی ایس ایل فور کے چار میچز ابوظہبی میں بھی رکھے گئے ہیں جب کہ ٹورنامنٹ کے آخری آٹھ میچز پاکستان میں ہوں گے۔

ان میں سے تین میچ لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو کھیلے جائیں گے جب کہ 7، 10، 13 اور 15 مارچ کو ہونے والے میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

چوتھے ایڈیشن کے لیے 663 ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے اور ان کھلاڑیوں کی فہرست ترتیب پاچکی ہے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ولیئر، کارلوس بریتھ ویٹ، کورے اینڈرسن، نیپالی کھلاڑی سندیپ، کائرون پولارڈ، عمر امین، ڈیوڈ میلان، آسٹریلیا کے لیگ اسپنر فواد احمد، این بیل، کیمرون ڈی لپورٹ، زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا، قیس احمد اور نیکولیس پورن وغیرہ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG