رسائی کے لنکس

وسیم اور وقار کی جوڑی 'ڈریم فاسٹ بالر پیئرز' میں سب سے مقبول


پی سی بی کا کہنا ہے کہ 'ٹو ڈبیلوز' کی یہ جوڑی اپنے دور میں مخالف ٹیم کے بلے بازوں پر خوف طاری کر دیتی تھی۔ (فائل فوٹو)
پی سی بی کا کہنا ہے کہ 'ٹو ڈبیلوز' کی یہ جوڑی اپنے دور میں مخالف ٹیم کے بلے بازوں پر خوف طاری کر دیتی تھی۔ (فائل فوٹو)

پاکستانی کرکٹرز اور شائقین کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سوشل میڈیا مہم میں وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی کو سب سے مقبول 'ڈریم فاسٹ بالر پیئر' قرار دیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری دلچسپ مہم 'ڈریم پیئرز' میں مداحوں اور کرکٹرز کی ایک بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے۔

انتیس اپریل سے جاری مہم کے تیسرے مرحلے میں مداحوں کو ماضی اور عصرِ حاضر کے ٹیسٹ فاسٹ بالرز میں سے 'ڈریم پیئرز' چننے کا موقع دیا گیا تھا۔

فاسٹ بالرز چننے کے مرحلے میں مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین کے تاثرات ملے۔

'ڈریم فاسٹ بالر کی جوڑی' کے انتخاب کے لیے پی سی بی نے جن ناموں کو شامل کیا تھا ان میں ​فضل محمود، سرفراز نواز، عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر، عبدالزراق، محمد سمیع، عمر گل، محمد آصف، محمد عامر، وہاب ریاض اور محمد عباس کے نام شامل ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق 'ڈریم فاسٹ بالرز' کے لیے شائقین نے وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی کو سب سے زیادہ پسند کیا ہے۔

کرکٹ کے پرستاروں نے دوسری جوڑی کے طور پر جن ناموں کو چنا وہ وسیم اکرم اور محمد آصف ہیں۔

ڈریم فاسٹ بالرز کی تیسری جوڑی کے لیے محمد آصف اور محمد عامر کو منتخب کیا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ 'ٹو ڈبیلوز' کی یہ جوڑی اپنے دور میں مخالف ٹیم کے بلے بازوں پر خوف طاری کر دیتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ڈریم فاسٹ بالر پیئرز میں آج بھی یہ سب سے مقبول جوڑی ہے۔

وسیم اکرم اور وقار یونس نے مجموعی طور پر 191 ٹیسٹ اور 618 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں مشترکہ طور پر کُل ایک ہزار سات سو پانچ مرتبہ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پی سی بی کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کی ریورس سوئنگ، تباہ کن یارکرز اور تیز رفتار باؤنسرز نے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بلے بازوں کو چکرا کر رکھ دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG