رسائی کے لنکس

پی ایس ایل 6 کے بقایا میچز جون میں کرانے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقایا میچز جون میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی نے جمعرات کو ایونٹ میں شریک فرنچائز مالکان سے ورچوئل میٹنگ کی جس کے دوران ایونٹ کے دوبارہ انعقاد پر تبادلہ خیال کیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام چھ فرنچائز مالکان نے ایونٹ کے جون میں انعقاد پر متفقہ طور پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 6 کے تمام بقایا میچز کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ 20 فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ کو کھلاڑیوں کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد چار مارچ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جاںے تھے اور آخری وقت تک 14 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایونٹ کے بقایا 20 میچز کراچی میں ہوں گے جب کہ لاہور پی ایس ایل میچز کی میزبانی سے محروم رہے گا۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے مارچ، اپریل اور اس کے بعد اگست اور ستمبر میں شیڈول سیریز کے پیش نظر جون کا مہینہ پی ایس ایل کے بقایا میچز کے انعقاد کے لیے موزوں ہے۔

ایونٹ کے بقایا 20 میچز 13 مئی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ زمبابوے مکمل کرنے کے بعد واپسی پر ہوں گے جس کے بعد 26 جون کو پاکستان ٹیم کو دورۂ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونا ہے۔

پی ایس ایل 6 کے میچز کی تاریخوں سے متعلق پی سی بی نے فی الحال کوئی شیڈول جاری نہیں کیا۔ البتہ بیان میں کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ آپریشنل اور لاجسٹک چیلنجز کے لیے فرنچائز مالکان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے۔

XS
SM
MD
LG