رسائی کے لنکس

پی ایس ایل تو مکمل نہ ہوسکا، بھارت آئی پی ایل کے کامیاب انعقاد کے لیے پر امید کیوں؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کو حال ہی میں ملتوی کرنا پڑا۔ لیکن اب بھارتی کرکٹ بورڈ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے کامیاب انعقاد کے لیے پرامید ہے۔

بورڑ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے اتوار کو آئی پی ایل 2021 کے شیڈول کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 9 اپریل کو ہو گا اور فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں 30 مئی کو کھیلا جائے گا۔

آئی پی ایل کو دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ کا درجہ حاصل ہے جس میں مختلف ملکوں کے کئی نامور کھلاڑی حصہ لیتے رہے ہیں۔

اس بار بھی کئی بڑے نام لیگ کا حصہ ہیں لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں ایک جانب پاکستان کی مقامی لیگ متاثر ہوئی وہیں بھارت میں آئندہ ماہ شیڈول آئی پی ایل کے انعقاد اور اس کے مستقبل کے بارے میں کرکٹ کے حلقوں میں چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔

بیس فروری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل کے محض 14 میچز ہی کھیلے گئے تھے کہ غیر ملکیوں سمیت لیگ میں شامل سات افراد کرونا کا شکار ہوئے۔ کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے چار مارچ کو ایونٹ ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

بی سی سی آئی کی جانب سے بھارت میں آئی پی ایل کے انعقاد کا اعلان ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب ملک میں کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں ملک بھر میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے۔

گزشتہ برس بھارت میں کرونا وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے لیگ کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کیا گیا تھا۔ تاہم اس بار لیگ کے تمام 60 میچز مقامی گراؤنڈز میں ہی کھیلے جائیں گے۔

لیگ کو کرونا سے بچانے کے اقدامات

آئی پی ایل کو کرونا سے بچانے کے لیے بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس جس متحدہ عرب امارات میں ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیا گیا اسی طرز پر بھارت میں ایونٹ کی کامیابی کے لیے پروٹوکولز کا خیال رکھا جائے گا۔

بی سی سی آئی کے مطابق ایونٹ کے ابتدائی 56 لیگ میچز تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے جب کہ دوسرے مرحلے میں کھیلے جانے والے 14 میچز میں تماشائیوں کو گراؤنڈ آنے کی اجازت دینے یا نہ دینے سے متعلق فیصلہ بعد میں صورتِ حال کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

ایونٹ میں شامل تمام آٹھ ٹیموں کو لیگ میچز میں صرف تین بار ہی ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کیا جائے گا تاکہ کرونا کے خطرے کو کم سے کم کیا جائے۔

لیگ میچز میں ہر ٹیم چار مقامات پر میچز کھیلے گی۔ چنئی، ممبئی، کولکتہ اور بنگلورو میں 10، 10 جب کہ احمد آباد اور دہلی میں آٹھ میچز ہوں گے۔

بی سی سی آئی کے مطابق میچز کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ تمام ٹیمیں اپنے ہوم گراؤنڈ کے بجائے نیوٹرل وینیو میں میچز کھیلیں۔

XS
SM
MD
LG