رسائی کے لنکس

پینس کی آئندہ صدارتی انتخاب لڑنے کی خبر کی تردید


فائل
فائل

امریکی نائب صدر نے کہا ہے کہ ان کی تمام کوششوں کا محور صدر ٹرمپ کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا اور 2020ء میں انہیں دوبارہ امریکہ کا صدر منتخب کرانا ہے۔

امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ 2020ء کے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں امریکی نائب صدر نے اخبار نیویارک ٹائمز میں اتوار کو چھپنے والی اس خبر کو "توہین آمیز" قرار دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مائیک پینس خفیہ طور پر اپنی انتخابی مہم کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ مائیک پینس کے قریبی ساتھیوں نے ری پبلکن جماعت کو چندہ دینے والی بعض شخصیات کو آگاہ کیا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ دوسری مدت کے لیے انتخابات میں امیدوار نہ بنے تو پینس ان کی جگہ آئندہ انتخاب لڑیں گے۔

صدر ٹرمپ اور نائب صدر پینس نے ساڑھے چھ ماہ قبل اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا لیکن صدر ٹرمپ کے ابتدائی مہینے خاصے ہنگامہ خیز ثابت ہوئے ہیں۔

صدر ٹرمپ اور ان کے قریبی ساتھیوں کے پے در پے کئی متنازع بیانات اور اسکینڈلز سامنے آنے کے نتیجے میں ایک حالیہ سروے کے مطابق صدر ٹرمپ کی عوامی مقبولیت اور کارکردگی پر عوام کا اعتماد کسی بھی دوسرے امریکی صدر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق اس صورتِ حال پر ری پبلکن پارٹی کے بعض رہنماؤں کا خیال ہے کہ شاید صدر ٹرمپ 2020ء میں ہونے والے انتخاب میں صدارت کی دوسری مدت کے لیے حصہ نہ لیں۔ البتہ صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ وہ آئندہ الیکشن ضرور لڑیں گے۔

ٹائمز کی رپورٹ پر اپنے ردِ عمل میں نائب صدر پینس نے اسے مکمل طور پر غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ذرائع ابلاغ کی جانب سے صدر ٹرمپ کی حکومت کو تقسیم کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔

امریکی نائب صدر نے کہا ہے کہ ان کی تمام کوششوں کا محور صدر ٹرمپ کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا اور 2020ء میں انہیں دوبارہ امریکہ کا صدر منتخب کرانا ہے۔

XS
SM
MD
LG