رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ دفاع ایشیائی ممالک کے دورے پر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایک ہفتے پر مشتمل اپنے اس دورے کے دوران میٹس تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا بھی جائیں گے۔

امریکہ کے وزیرِ دفاع جِم میٹس ایشیا کے تین ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں فلپائن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ خطے کے ملکوں کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ایک ہفتے پر مشتمل اپنے اس دورے کے دوران میٹس تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا بھی جائیں گے۔ وہ یہ دورہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایشیا کے دورے سے چند ہفتے قبل کر رہے ہیں۔

پیر کو فلپائن پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جم میٹس کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اس دورے کے دوران امریکہ کے اتحادیوں سے شمالی کوریا اور اس کی "بے تکی اشتعال انگیزیوں" پر بات کریں گے۔

میٹس فلپائن میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم 'آسیان' کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شریک ہوں گے جو پیر سے بدھ تک جاری رہے گا۔

اجلاس سے قبل ان کی جاپانی اور جنوبی کوریائی وزرائے دفاع کے ساتھ پہلے الگ الگ اور پھر اکٹھے ملاقات ہوگی جس میں شمالی کوریا اور اس کی جانب سے خطے کے ملکوں کو دی جانے والی دھمکیوں سے نبٹنے کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

جاپان اور جنوبی کوریا کے وزرائے دفاع بھی آسیان کے اجلاس میں شرکت کے لیے فلپائن پہنچے ہیں۔

اپنے اس دورے کے دوران جم میٹس جنوبی کوریا بھی جائیں گے جہاں ان کی مقامی حکام کے ساتھ دفاعی معاملات پر مزید بات چیت متوقع ہے۔

جنوبی کوریا سے قبل وہ بینکاک میں تھائی لینڈ کی آنجہانی بادشاہ بھومیبول ادلیادیج کی آخری رسومات میں امریکہ کی نمائندگی کریں گے۔

XS
SM
MD
LG