رسائی کے لنکس

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب


فائل
فائل

خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست بروز پیر بوقت صبح 10 بجے طب کیا ہے۔ گورنر کی طرف سے نو منتخب صوبائی اسمبلی کے پہلے اجلاس کا یہ اعلامیہ جمعرات کے روز جاری کیا گیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے سیکرٹری نصراللہ خان نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ پہلے اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔ حلف اٹھانے کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے اور شیڈول کا اعلان ہوگا؛ جس کے اگلے روز ان دونوں عہدوں پرخفیہ رائے شماری کے ذریعے انتخاب ہوگا۔

اسمبلی اجلاس کے انتظامات کے بارے میں عطااللہ خان نے کہا کہ ’’ہم نے اپنی طرف سے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں‘‘۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کے بعد، قائد ایوان یعنی وزیر اعلیٰ کے عہدے کے طریقہٴ کار اور شیڈول کا اعلان ہوگا۔ قائد ایوان کا انتخاب خفیہ نہیں ہوگا، یعنی ارکان اسمبلی اجلاس میں نشستوں سے اٹھ کر اور ہاتھ کھڑا کرکے کریں گے۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح برتری حاصل کی ہے اور توقع ہے کہ پاکستان تحریک انصاف وزیر اعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر اپنے امیدواروں کو بغیر کسی رکاوٹ کے منتخب کرا لے گی۔

وزیر اعلیٰ کے عہدے کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے سوات سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی محمود خان کو نامزد کیا ہے، جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں پر ابھی تک کسی کو نامزد نہیں کیا۔ صوبائی اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام(ف)، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین متحدہ حزب اختلاف کا حصہ ہوںگے۔

حزب اختلاف نے ابھی تک اسمبلی اجلاس میں وزیر اعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب سے متعلق اپنی حکمت عملی کا اعلان نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG