رسائی کے لنکس

پشاور ہائی کورٹ: مخصوص نشستوں سے متعلق سنی اتحاد کونسل کی درخواستیں مسترد


  • مخصوص نشستوں سے متعلق درخواستوں پر پشاور ہائی کورٹ کے پانچ رُکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ سنادیا۔
  • سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت الیکشن نہ لڑے تب بھی سیاسی جماعت ہوتی ہے۔
  • جسٹس ایس ایم عتیق نے سوال کیا کہ آزاد امیدوار اسمبلی میں اکٹھے ہو جائیں تو کیا ان کو مخصوص نشستیں ملیں گی؟

پشاور ہائی کورٹ نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں دینے سے متعلق سنی اتحاد کونسل کی درخواستیں خارج کر دی ہیں۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے جمعرات کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق دو درخواستوں پر سماعت کی۔

سنی اتحاد کونسل کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے پہلے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے بلے کا نشان لیا گیا۔ پشاور ہائی کورٹ نے تاریخی فیصلہ دے کر بلا واپس کردیا تھا۔ لیکن سپریم کورٹ نے دوبارہ الیکشن کمیشن کےحق میں فیصلہ دے کر بلا واپس لیا۔

انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل رجسٹرڈ پارٹی ہے اور اس کا انتخابی نشان بھی ہے۔ الیکشن میں حصہ نہ لینا اتنی بڑی بات نہیں۔ بعض اوقات سیاسی جماعتیں انتخابات کا بائیکاٹ کر سکتی ہیں۔

اس موقع پر بینچ میں شامل جسٹس شکیل نے سوال کیا کہ "یہ بتائیں اگر انتخابات میں حصہ نہیں لیتے پھر کیا ہو گا؟ اس پر علی ظفر نے کہا کہ میں پہلے اس پر بات کر رہا ہوں کہ میں سیاسی جماعت ہوں تو میرے بنیادی آئینی حقوق کیا ہیں؟

سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت الیکشن نہ لڑے تو بھی سیاسی جماعت ہوتی ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ کوئی پارٹی الیکشن لڑے۔ آرٹیکل 17 کے سب آرٹیکل 2 میں ہمارے حقوق موجود ہیں۔ آرٹیکل 17 کہتا ہے کہ ہر شہری کا حق ہے کہ کسی پارٹی کا حصہ بنے یا اپنی پارٹی بنائے۔

علی ظفر نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستوں سے دور رکھا گیا۔ الیکشن کمیشن پارلیمانی پارٹی اور پولیٹیکل پارٹی میں فرق کرنے میں کنفیوژ ہے۔

'آپ نے ایسی پارٹی کو جوائن کیا جس نے کوئی سیٹ جیتی ہی نہیں'

جسٹس ایس ایم عتیق نے سوال کیا کہ آزاد امیدوار اسمبلی میں اکٹھے ہو جائیں تو کیا ان کو مخصوص نشستیں ملیں گی؟ یا آزاد امیدواروں کو پارٹی جوائن کرنی ہو گی؟ عدالتی استفسار پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ آزاد امیدوار کسی پارٹی کو جوائن کریں گے تو نشستیں ملیں گی۔

عدالت نے کہا کہ مخصوص نشستیں تب ملتی ہیں جب سیاسی جماعتوں نے نشستیں جیتی ہوں، سنی اتحاد کونسل نے کوئی سیٹ جیتی ہی نہیں، آپ نے سیٹ نہیں جیتی تو آزاد امیدوار بھی آپ کو جوائن نہیں کر سکتے۔

جسٹس ایس ایم عتیق نے کہا کہ سربراہ سنی اتحاد کونسل نے خود اس پارٹی سے انتخابات میں حصہ بھی نہیں لیا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں الاٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد یہ نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں کو الاٹ کر دی گئی تھیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG