رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کے عہدیدار کا بیان 'غیرذمہ دارانہ و ہتک آمیز' ہے: فلپائن


وزیر خارجہ ایلن پیٹر (فائل فوٹو)
وزیر خارجہ ایلن پیٹر (فائل فوٹو)

فلپائن کے وزیرخارجہ نے اپنے صدر رودریگو دوترتے سے متعلق اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے تنقیدی بیان کو "غیر ذمہ دارانہ اور ہتک آمیز" قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ یہ ایک خطرناک رجحان پیدا کر سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید رعد الحسین نے جمعہ کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ دوترتے کو کسی ماہر نفسیات سے مشورے کی ضرورت ہے۔

ان کا یہ بیان فلپائن کی وزارت انصاف کی طرف سے اقوام متحدہ کی ایک نمائندہ خصوصی سمیت 600 سے زائد مشتبہ کمیونسٹ جنگجوؤں کے خلاف منیلا کی ایک عدالت میں درخواست دائر کیے جانے کے بعد سامنے آیا۔

زید رعد الحسین
زید رعد الحسین

اس درخواست میں اقوام متحدہ کی طرف سے فلپائن میں انسانی حقوق کے لیے نمائندہ خصوصی تعینات کی جانے والی وکٹوریا کورپز کا نام بھی شامل ہے جنہیں وزارت نے ماؤ باغی گروپ کی ایک سینیئر رکن قرار دیا ہے۔

وزیرخارجہ ایلن پیٹر نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا کہ "فلپائن کو اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی طرف سے دیے گئے غیرذمہ دارانہ اور ہتک آمیز بیان پر شدید تشویش ہے۔"

انھوں نے شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلپائن کے لیے یہ پریشان کن بات ہے کہ "جس طرح اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ایک عہدیدار نے اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کیا اور قواعد و ضوابط کی پاسداری نہ کرتے ہوئے رکن ممالک کے سربراہان کی تضحیک کی۔"

ایلن پیٹر کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک خطرناک رجحان کا باعث بن سکتا ہے جس کی لپیٹ میں کونسل کے دیگر رکن ممالک بھی آ سکتے ہیں۔

دوترتے اقوام متحدہ کی طرف سے فلپائن میں ماورائے عدالت ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے تعینات نمائندہ خصوصی ایگنس کالمارڈ پر بھی تواتر سے تنقید کرتے رہے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ کالمارڈ ان کی انسداد منشیات کی مہلک مہم سے متعلق جانبدار رویہ رکھتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG