رسائی کے لنکس

نیویارک سے سات پاکستانیوں کی میتیں وطن روانہ


کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے پانچ افراد سمیت سات پاکستانیوں کی میتیں پاکستان روانہ کر دی گئی ہیں، جو دو مئی کو پاکستان کے مختلف شہروں میں پہنچیں گی۔

نیویارک کے معروف 'الریان فیونرل ہوم' کے ڈائریکٹر امتیاز احمد نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث نیویارک سے بین الااقوامی پروازیں بند تھیں جو اب کھل گئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے پانچ کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ایک عارضہ قلب کی وجہ سے اور ایک نوجوان کی موت کار حادثے میں ہوئی تھی، جن کی لاشیں الریان فیونرل ہوم میں محفوظ تھیں۔

امتیاز احمد نے بتایا کہ پی آئی اے دنیا بھر سے پاکستانیوں کی میتیں مفت وطن لے جاتا ہے۔ لیکن، چونکہ اس وقت پی آئی اے کی نیویارک سے کوئی پرواز نہیں ہے، اس لئے ان میتوں کو قطر ایئرلائن سے پاکستان بھیجا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ان میتیوں میں سے ایک میرپور، ایک سیالکوٹ، ایک اٹک، ایک لاہور اور دو گجرات کے لئے روانہ کی گئی ہیں۔

کرونا وائرس کی وجہ سے پروازوں کی بندش کے بعد لواحقین میتوں کی تدفین نیویارک میں ہی کرانا شروع کر دیا تھا۔ لیکن ان سات میتوں کے ورثا کا اصرار تھا کہ ہر صورت یہ میتیں پاکستان بھیجی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص تین اپریل کو فوت ہوا تھا جبکہ کار حادثے میں نوجوان کی ہلاکت بھی تین ہفتے قبل ہوئی تھی، یہ تمام میتیں پاکستان بھیجنے کے تمام تر اںتظامات الریان فیونرل ہوم میں ہی کئے گئے۔

امتیاز احمد نے بتایا کہ میتوں کو پاکستان بھیجنے کے لئے پاکستانی قونصلیٹ کے تصدیقی خط کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں قونصلیٹ نے بھرپور تعاون کیا جس کی وجہ سے ان میتوں کو پاکستان روانہ کرنا ممکن ہوا۔

XS
SM
MD
LG