رسائی کے لنکس

لندن: تحویل میں لیے گئے ’پی آئی اے‘ کے 13 ملازم رہا


تلاشی کے بعد متبادل عملے کے ذریعے قومی فضائی کمپنی کی پرواز دوباہ پاکستان کی جانب روانہ ہو چکی ہے۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہیتھرو ائیرپورٹ پر پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ’پی آئی اے‘ کے 13 ملازمین کو رہا کر دیا گیا ہے۔

’پی آئی اے‘ کے ان ملازمین کو پیر کو تحویل میں لیا گیا تھا۔

قومی فضائی کمپنی کے ترجمان کے مطابق پی کے 785 کی پرواز کو تلاشی کے لیے روکا گیا اور اس کے عملے کو بھی تحویل میں لیا گیا۔

تاحال برطانوی حکام کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ طیارے کی تلاشی کا فیصلہ کس بنا پر کیا گیا۔

قومی فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس بارے میں لندن میں برطانوی حکام سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں اور ضرورت پڑنے پر لندن میں ہائی کمیشن کے ذریعے بھی یہ معاملہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

’پی آئی اے‘ کے ترجمان کے مطابق تلاشی کے بعد متبادل عملے کے ذریعے قومی فضائی کمپنی کی پرواز دوباہ پاکستان کی جانب روانہ ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال فروری میں ’پی آئی اے‘ کی پرواز پی کے757 لاہور سے لندن جا رہی تھی اور اُس کی منزل ہیتھرو ائیرپورٹ تھی، لیکن دو برطانوی لڑاکا طیاروں کی نگرانی میں اس پرواز کا رخ سٹینسٹڈ ائیر پورٹ کی طرف موڑ دیا گیا ۔

اس واقعہ کے بعد ’پی آئی اے‘ کے ترجمان نے کہا تھا کہ برطانوی حکام کو مبہم سکیورٹی خطرے سے متعلق ایک گمنام کال موصول ہوئی، جس پر مروجہ طریقہ کار کے تحت اس پرواز کو سٹینسٹڈ ائیر پورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔

تاہم ’پی آئی اے‘ کی پرواز سے ایک 52 سالہ مسافر کو برطانوی حکام نے بدعنوانی میں ملوث ہونے کے شبہے میں تحویل میں بھی لیا تھا۔

XS
SM
MD
LG