رسائی کے لنکس

کراچی میں روز روز کی ہڑتالیں بند کی جائیں: نواز شریف


وزیرِ اعظم نے کہا کہ کراچی میں مکھی بھی مرجائے تو احتجاج ہوتا ہے۔ ان کے بقول ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے روز، روز ہونے والی ان ہڑتالوں کو بند کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں مکھی بھی مرجائے تو احتجاج ہوتا ہے، ہڑتالیں ہوتی ہیں۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے روز، روز ہونے والی ان ہڑتالوں کو بند کرنا ہوگا۔

وہ جمعہ کو ایک روزہ دورہ پر کراچی آئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے گورنر ہاوٴس میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہٴخیال کیا۔

بعدازاں، انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران گورنر سندھ کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کراچی میں روز، روز کی ہڑتالیں ہونا بند ہوجائیں تو سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، شہر قائد میں میٹرو چلنے لگے گی، کراچی حیدرآباد موٹر وے پر کام شروع ہونے والا ہے جو شہر اور صوبے کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔‘

گوادر ’فری پورٹ ‘ ہوجائے گا
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئندہ 10 سالوں میں گوادر پورٹ کو ’فری پورٹ‘ کر دیں گے جس کے بعد ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر بجلی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 2017ءتک ملک سے بجلی کی قلت ختم ہوجائے گی۔ حکومت لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کو سستا کرنا بھی اپنا فرض سمجھتی ہے۔

پلانٹ اور مشینری پر ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز
وزیراعظم نے دوران خطاب کہا کہ ان کے سامنے نئے پلانٹ اور مشینری پر ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری لانے کے لئے بیرون ملک سے پلانٹ لائے جائیں اور پیداوار دینے کے بعد اس کی ڈیوٹی ادا کردی جائے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھر میں 330 میگا واٹ بجلی کے2 منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن میں تھر کا کوئلہ استعمال ہوگا۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے کراچی کے قریب واقع بلوچستان کے شہر حب میں ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کا افتتاح کیا۔ جس کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک سے غربت، جہالت اور بیروزگاری کے خاتمے کے لئے امن قائم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔اس کے لئے پوری طرح کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کا یہ کہنا بھی تھا کہ بلوچستان کی طرح کراچی میں بھی امن قائم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ خوشی ہے کہ کراچی کا امن واپس لوٹ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG