رسائی کے لنکس

اسکول شوٹنگ:حملہ آور کی فائرنگ سے ایک بچہ ہلاک، 5 زخمی


والدین حملے کے بعد اپنے بچوں کے ساتھ اسکول سے جاتے ہوئے۔ فوٹو اے پی
والدین حملے کے بعد اپنے بچوں کے ساتھ اسکول سے جاتے ہوئے۔ فوٹو اے پی

آئیووا کے قصبے پیری میں حکام نے بتایا ہےکہ جمعرات کو آئیووا ہائی اسکول میں ایک 17 سالہ مشتبہ شخص کی فائرنگ سے چھٹی جماعت کا ایک طالب علم ہلاک اور پانچ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

قانون نافذ کرنے والے ایک اہل کار نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مشتبہ شخص کی موت کے بارے میں تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ وہ خود اپنی گولی سے لگنے والے زخم سے ہلاک ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے کم از کم ایک اسکول کا منتظم ہے۔

اہل کار کو تحقیقات کی تفصیلات پر بات کرنے کا اختیار نہیں تھا اور اس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے پی سے بات کی تھی۔

پیری تقریباً 8000 رہائشیوں پر مشتمل قصبہ ہے۔ اور یہ ریاستی دارالحکومت کے میٹروپولیٹن علاقے سےتقریباً 40 میل کے فاصلے پر ہے۔

اس سے قبل ڈیلس کاؤنٹی کے شیرف ایڈم انفینٹے نے صحافیوں کو بتایا تھاکہ فائرنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے کے قریب ہوئی، اور اس کے بعد مقامی، ریاستی اور وفاقی حکام حرکت میں آگئے۔

شیرف نے کہا کہ فائرنگ کے وقت اسکول کی کلاسیں شروع نہیں ہوئی تھیں اور "عمارت میں بہت کم طلباء اور اساتذہ موجود تھے، میرے خیال میں اس وجہ سے ہم بدترین نتائج سے محفوظ رہے"۔

کاؤنٹی کے شیرف اسکول کے باہر بریفنگ دیتے ہوئے،اے پی فوٹو
کاؤنٹی کے شیرف اسکول کے باہر بریفنگ دیتے ہوئے،اے پی فوٹو

شیرف نے کہا کہ عہدے داروں نے شوٹر کی شناخت کر لی ہے، لیکن انہوں نےکسی کی گرفتاری سمیت مزید تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔

پیری کا ہائی اسکول اور مڈل اسکول آپس میں جڑے ہوئے ہیں، ہائی اسکول کی سینئر اسٹوڈنٹ ایوا آگسٹس نے کہا کہ وہ کونسلر کے دفتر میں ان کے آنے کا انتظار کر رہی تھیں، جب انہوں نے تین گولیوں کی آواز سنی۔

ایوا آگسٹس اور دوسروں نے جلدی سے دروازے بند کرکے رکاوٹیں کھڑی کیں آگسٹس نے روتے ہوئے کہا، وہ ضرورت پڑنے پر چیزیں پھینکنے کی تیاری کر رہے تھےکہ انہوں نے اعلان سنا کہ حملہ آور پر قابو پالیا گیا ہے، "اور ہم باہر جاسکتے ہیں"

وہ جب باہر بھاگ رہی تھیں تو ہر جگہ ٹوٹے شیشے اور خون کے دھبے نظر آئے، انہوں نے کہا" میں جب اپنی کار کے پاس پہنچی تور وہ ایک لڑکی کو آڈیٹوریم سے باہر لے جا رہے ہیں جس کی ٹانگ میں گولی لگی تھی۔"

ہیلتھ سسٹم کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گولیوں کی زد میں آنے والے تین افراد کو ایمبولینس میں آئیووا میتھوڈسٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا۔ کچھ اور مریضوں کو ڈیس موئنز کے دوسرے اسپتال میں منتقل کیا گیا.

فائرنگ کا واقعہ آئیووا کے پہلے ملک کے صدارتی کاکس کے پس منظر میں پیش آیا ہے۔ ریپبلکن امیدوار وویک رام سوامی نے پیری میں صبح 9 بجے ہائی اسکول سے تقریباً ڈیڑھ میل دور انتخابی مہم کا ایک پروگرام منعقد کرنا تھا لیکن علاقے کے رہائشیوں کے ساتھ دعا میں شرکت کے لیے اسے منسوخ کر دیا گیا۔

پیری میں جمعرات کی رات کو ایک پارک اور ایک مقامی چرچ میں شب بیداری ہو گی اور ہائی اسکول جمعہ کو بند رہے گا۔

یہ رپورٹ اے پی کی معلومات پر مبنی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG