رسائی کے لنکس

امریکہ: چار افراد کو قتل کرنے والے حملہ آور کی تلاش جاری


نیش ول پولیس کے اہلکار جائے واقعہ کے نزدیک گھروں کی تلاشی لے رہے ہیں
نیش ول پولیس کے اہلکار جائے واقعہ کے نزدیک گھروں کی تلاشی لے رہے ہیں

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نفسیاتی مسائل کا شکار ہے اور اس نے ریستوران میں فائرنگ بھی بظاہر اسی وجہ سے کی۔

امریکہ کی ریاست ٹینے سی کے ایک ریستوران میں فائرنگ کرکے چار افراد کو ہلاک اور تین کو زخمی کرنے والے حملہ آور کی تلاش تاحال جاری ہے۔

فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شب لگ بھگ ساڑھے تین بجے ریاست کے دارالحکومت نیش وِل کے ایک ریستوران میں پیش آیا تھا۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو 29 سالہ ٹریوس رینکنگ کے نام سے شناخت کیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کے بارے میں کوئی بھی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزم تقریباً برہنہ تھا جس نے 'ویفل ہاؤس' نامی ریستوران کی پارکنگ میں اپنی گاڑی سے اترنے کے فوراً بعد دو افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔

بعد ازاں ملزم ریستوران میں داخل ہوا جہاں اس کی فائرنگ سے ایک شخص موقع پر ہی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے ایک شخص بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا جب کہ اسپتال ذرائع کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

وہ ریستوران جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا
وہ ریستوران جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا

فائرنگ کے دوران ریستوران میں موجود ایک گاہک نے حملہ آور سے اس کی بندوق چھین لی تھی جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا۔

نیش ول کے پولیس سربراہ اسٹیو اینڈرسن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حملہ آور خاصی تیاری کے ساتھ ریستوران آیا تھا اور اس کے پاس کم از کم چار ہتھیار موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ جائے واردات سے دو ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں جب کہ خدشہ ہے کہ ملزم کے پاس اس وقت بھی مزید دو ہتھیار موجود ہیں۔

امریکی صدر کی سکیورٹی پر مامور ایجنسی 'سیکرٹ سروس' نے کہا ہے کہ رینکنگ کو وائٹ ہاؤس کے نزدیک ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے پر گزشتہ سال جولائی میں حراست میں بھی لیا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نفسیاتی مسائل کا شکار ہے اور اس نے ریستوران میں فائرنگ بھی بظاہر اسی وجہ سے کی۔

ملزم کا تعلق ریاست الی نوائے کی ٹیزویل کاؤنٹی سے ہے اور پولیس، 'ایف بی آئی' اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے دونوں علاقوں میں ملزم کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

پولیس نے رات گئے نیش ول کے شہری علاقے میں واقع تمام سرکاری اسکولوں کی تلاشی لی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ پیر کو اسکولوں کے کھلنے سے قبل بھی دوبارہ ان کی تلاشی لی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG