رسائی کے لنکس

کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے حتمی نتائج; پیپلز پارٹی 91، جماعت اسلامی 85 یو سیز میں کامیاب


الیکشن کمیشن نے کراچی میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج جاری کر دیے ہیں۔

کراچی میں 235 یونین کونسلز میں انتخابات ہوئے تھے جن میں سے 229 کے نتائج الیکشن کمیشن نے جاری کر دیے ہیں جب کہ چھ یونین کونسلز کے نتائج اعتراضات کے سبب روک لیے ہیں۔ 11 یونین کونسلز میں امیدواروں کے انتقال کے سبب الیکشن نہیں ہو سکے تھے۔

منگل کو الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 91 یونین کونسلز میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ جماعت اسلامی 85 یونین کونسلز اپنے نام کر سکی ہے۔ تحریک انصاف کو 42، مسلم لیگ (ن) کو 7، تحریکِ لبیک پاکستان کو ایک، جمعیت علماء اسلام (ف) کو دو اور ایک یونین کونسل میں آزاد امیدوار کو کامیابی ملی ہے۔



الیکشن کمیشن نے حیدر آباد کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا بھی اعلان کیا ہے جس کے مطابق 160 یونین کونسلز میں سے 153 کے نتائج جاری ہوئے جب کہ پانچ یونین کونسل میں امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے الیکشن نہیں ہوئے تھے۔ دو یونین کونسلز کے نتائج الیکشن کمیشن نے روک لیے ہیں جس کہ وجہ وہاں پولنگ کے دوران بدامنی کو قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے جن 153 یونین کونسلز کے نتائج جاری کیے ہیں ان میں سے 95 پیپلز پارٹی، تحریک انصاف نے 40، تحریکِ لبیک پاکستان نے دو، جماعت اسلامی نے ایک یونین کونسل میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ 15 آزاد امیدوار بھی کامیاب یوئے ہیں۔

ایکسچینج کمپنیوں کا ڈالر ریٹ پر 'کیپ' ختم کرنے کا اعلان

پاکستان کی ایکسچینج کمپنیوں نے ڈالر کے ریٹ کے حوالے سے مقرر کیا گیا کیپ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق منگل کو ایکسچینج کمپنیوں کے حکام کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈالر کی روپے کے مقابلے میں قدر کے لیے مخصوص کیپ اب نافذ نہیں ہوگا اور بدھ سے اس کا اطلاق کیا جائے گا۔

ایکسچینج کمپنیوں کے حکام اس فیصلے کوڈالر کی بلیک مارکیٹ میں فروخت روکنے کا قدم قرار دے رہے ہیں۔



اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈالر کا انٹر بینک میں ریٹ 230 روپے 40 پیسے ہے البتہ اوپن مارکیٹ میں 240 روپے 75 پیسے تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکسچینج کمپنیوں کی جانب سے کیپ ہٹانے کے فیصلے کے بعد ڈالر 250 سے 260 روپے تک جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

نجی نشریاتی ادارے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے رہنما ملک بوستان نے کہا کہ کل سے مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت طلب و رسد کے مطابق مارکیٹ بیسڈ ہوگی۔

ان کے مطابق ایکسچینج کمپنیوں کے نمائندوں کی اسٹیٹ بینک کے حکام سے بدھ کو ملاقات ہوگی جس میں ڈالر کو مارکیٹ بیسڈ کرنے سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر لائحہ عمل طے ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکسچینج کمپنیاں دعویٰ کر رہی ہیں کہ اس فیصلے سے ڈالر کی قیمت بڑھ جائے گی البتہ بلیک مارکیٹ کا خاتمہ ہوگا۔ ڈالر کی ترسیلات ہنڈی یا حوالے کے بجائے بینکنگ چینل اور اوپن مارکیٹ سے ہوں گی۔

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے حکومت کی درخواست پر ڈالر ریٹ کو 240 روپے تک مستحکم رکھا تھا، لیکن اس کے باوجود ڈالر بلیک مارکیٹ میں 250 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔ لہذٰا اس کیپ کو ختم کیا گیا ہے، تاہم ڈالر کی بلیک مارکیٹ کا خاتمہ ہو سکے۔

XS
SM
MD
LG