رسائی کے لنکس

فوج کی نئی قیادت نیوٹرل ہو کر تمام جماعتوں کے ساتھ چلنا چاہتی ہے: وزیرِ اعلیٰ پنجاب


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سوچ سمجھ کر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں توڑنے کی حکمتِ عملی اپنائی ہے اور اب مسلم لیگ (ن) والے پریشان ہیں۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے اسد صہیب کو دیے گئے انٹرویو میں پرویز الہٰی کہا کہنا تھا کہ جس وقت عمران خان نے اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا تو سب سے پہلے مونس الہٰی نے بیان دیا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔

پرویز الہٰی کے مطابق اگر عمران خان نے ان سے پنجاب اسمبلی توڑنے کے لیے کہا تو وہ آدھا منٹ بھی نہیں لگائیں گے اور اسمبلی تحلیل کر دیں گے۔

فوج کی اعلیٰ قیادت کی تبدیلی کے حوالے سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک اچھا پیغام ان تک پہنچایا ہے۔ فوج کی تعینات ہونے والی نئی قیادت بھی یہی چاہتی ہے کہ صحیح معنوں میں نیوٹرل ہو کر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ چلا جائے۔

عمران خان کی حکومت کو ڈنکے کی چوٹ پر نکالا ہے: مولانا فضل الرحمٰن

پاکستان میں برسرِ اقتدار جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت کو گرایا نہیں بلکہ ملک کو بچایا ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقے کوہستان میں جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ان کی حکومت کو گرانے کے لیے سازش ہوئی ہے۔ ان کے بقول اصل میں انہوں نے عمران خان کی حکومت کو ڈنکے کی چوٹ پر ختم کیا ہے۔


’اسمبلی توڑنے کے لیے ایک لمحے کی تاخیر نہیں ہو گی‘

خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی کا سابق وزیرِ اعظم اور تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسمبلیاں توڑنے کے اعلان پر کہنا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی سے نکلنے کے لیے تیار ہیں۔

مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حکم کا انتظار ہے، اسمبلی توڑنے کے لیے ایک لمحے کی تاخیر نہیں ہو گی۔

صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پی ٹی آئی کو اسمبلی سے نکال دیں تو پیچھے خالی کرسیاں ہی ہیں۔

مشتاق غنی نے کہا کہ عمران خان کے پاور شو نے امپورٹڈ سرکار کی حیثیت اسے دکھا دی ہے۔

ہفتے کو عمران خان نے راولپنڈی میں کارکنوں سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ اب وہ مزید اس کرپٹ نظام کا حصہ نہیں رہ سکتے لہذٰا انہوں نے تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

’پنجاب میں کسی بھی وقت تحریکِ عدم اعتماد لا سکتے ہیں‘

عمران خان کے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی سے نکل گئی تو وہاں حکومت بنانے کے لیے ارکان موجود ہیں۔

نجی نشریاتی ادارے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کسی بھی وقت عدم اعتماد کی تحریک لا سکتے ہیں۔

ہفتے کو راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے اور پارلیمانی پارٹی سے بھی بات کر رہے ہیں اور بہت جلد اعلان کریں گے کہ ہم کب تمام اسمبلیوں سے باہر نکل رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG