رسائی کے لنکس

صدر عارف علوی کے دستخط، از خود نوٹس کیسز میں اپیل کا قانون لاگو


سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈر ایکٹ 2023 قانون بن گیا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس قانون کے بننے کے بعد سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور جہانگیر ترین اپنے کیسز میں نظرِثانی اپیل دائر کر سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ ماضی میں جو فیصلے سنا چکی ہے اس پر نظرثانی کی اپیل دائر کی جا سکے گی اور اسے سپریم کورٹ کا لارجر بینچ سنے گا۔

قانونی ماہرین کہتے ہیں کہ اس قانون کا اطلاق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی نظرِثانی درخواست سننے والے بینچ پر بھی گا۔

پارلیمان نے گزشتہ ماہ اس بل کی منظوری دی تھی جسے صدرِ مملکت کو ارسال کیا گیا تھا جنہوں نے جمعے کو اس پر دستخط کرکے اس کی منظوری دے دی تھی۔

سپریم کورٹ کا تین رُکنی بینچ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کر رہا ہے۔ بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں۔

پیر کو بھی اس کیس پر سماعت ہوئی تھی جسے جمعرات کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

جہانگیر ترین کی قیادت میں پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں کا نئی جماعت بنانے کا فیصلہ

وزیرِ اعظم پاکستان کے مشیر اور پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کی قیادت میں نئی پارٹی بنائی جا رہی ہے۔

پیر کو جہانگیر ترین نے ہم خیال رہنماؤں کے ہمراہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما عبدالعلیم خان کے ساتھ اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات کے حوالے سے مقامی چینل 'دنیا نیوز' کے پروگرام میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عون چوہدری نے تصدیق کی کہ جلد نئی پارٹی کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا سے بھی ایک اہم شخصیت جہانگیر ترین کی حمایت کا اعلان کر دے گی۔

پنجاب کی جیلوں میں خواتین پر تشدد کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم


پنجاب کی جیلوں میں خواتین قیدیوں پر مبینہ تشدد کی اطلاعات کے بعد نگران صوبائی حکومت نے تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے الزامات کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ان کے اعلان کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر اور پولیس کی ایس ایس پی انویسٹی گیشن جیل کا دورہ کریں گی۔

اس دورے میں کمیٹی کی ارکان جیل میں قید خواتین سے ملاقات کرکے حقائق جاننے کی کوشش کریں گی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے الزامات عائد کیے گئے تھے کہ خواتین کے ساتھ جیلوں میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔

’دس ہزار لوگ کون ہیں جن کو گرفتار کیا گیا ہے؟‘

تحریکِ انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ کہتے تھے کہ عمران خان کی گرفتاری پر پانچ ہزار لوگ بھی احتجاج کے لیے نہیں نکلے تو پھر یہ 10 ہزار لوگ کون ہیں جن کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان پر غداری کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

ایک آڈیو بیان میں مراد سعید نے موجودہ حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب پی ڈی ایم کا قیام عمل میں آیا تو اس کے پہلے ہی اجلاس میں ملک کے اداروں کے خلاف زہر اگلا گیا۔

انہوں نے پاکستان کو تقسیم کرنے کی سازش کی اور لندن میں لابنگ کرنے والوں سے ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان کی فوج کے خلاف پرپیگنڈا کرنے کی حکمتِ عملی بنائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کا ہر کارکن محب وطن پاکستانی ہے۔ نو مئی کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ کیا یہ پی ٹی آئی کا پہلا احتجاج تھا۔ گزشتہ ایک برس سے تحریکِ انصاف احتجاج کر رہی ہے۔ لیکن کبھی کوئی نقصان نہیں ہوا۔ تو پھر یہ اچانک کیا ہوا۔

میں پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہوں۔۔رکن کانگریس شیلا جیکسن

کانگریشنل پاکستان کاکس کی سربراہ اور ڈیموکریٹک خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے پاکستان میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کیلے آواز اٹھانے کے تاثر کی نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں پاکستان کاکس کی سربراہ ہوں اور میں جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہوں

اسی تناظر میں احتجاجی ریلی کے پاکستانی شرکاء سے میں نے فون پر عمومی بات کی تھی

مئیر ہیوسٹن کی مضبوط امیدوار شیلا جیکسن نے ان خیالات کا اظہار ممتاز ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید کی جانب سے امریکی شہر ہیوسٹن کے مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں منعقدہ فنڈ ریزنگ ظہرانے کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا

فنڈ ریزنگ میں مختلف کمیونٹیز کے سرگرم رہنماؤں نے بھی شرکت کی

اور انہوں نے پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوقق کے تحفظ کیلے پاکستان کے ارباب اختیار سے بات کرنے کا عندیہ بھی دیاہے

XS
SM
MD
LG