رسائی کے لنکس

پی ٹی آئی پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے استعفے نہیں دے گی: بلاول بھٹو کا دعویٰ


پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے استعفے نہیں دے گی۔

کراچی میں پیپلزپارٹی کے 55 ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان اسمبلیوں سے استعفے دینا چاہتے ہیں تو دیں، پیپلزپارٹی ان کے مقابلے کے لیے تیار ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان راولپنڈی ہمارے استعفے لینے آئے تھے، اب خود استعفے دینے کی باتیں کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ "یہ لکھ لو کہ یہ خیبرپختونخوا اور پنجاب سے استعفے نہیں دیں گے۔ انہوں نے قومی اسمبلی سے بھی استعفے دیے تھے۔ لیکن ضمنی الیکشن ہوتے ہیں تو عدالت سے کہتے ہیں کہ ہمارے استعفے قبول نہ کرو, کیوں یہ ہمارا سیاسی شوشہ تھا۔ یہ تنخواہیں تو لے رہے ہیں۔ لیکن کام کوئی نہیں کر رہے۔"

ان کے بقول ''جس طرح عمران خان عدم اعتماد سے قبل اسمبلی چھوڑ کر بھاگے تھے اسی طرح اب وہ استعفوں کا شوشہ چھوڑ کر راولپنڈی سے بھاگے۔''

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کٹھ پتلیوں اور سلیکٹڈ سے نہیں ڈرتی، ہم نے ملتان اور ملیر کے ضمنی الیکشن میں آپ کا مقابلہ کیا اور شکست دی۔

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) بیانیے کے بحران سے دوچار ہیں: فواد چوہدری

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی بیانیے کے بحران سے دوچار ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج پیپلزپارٹی نے اپنا یومِ تاسیس منایا اور تحریکِ انصاف کی طرز پر بڑی اسکرینز لگائی گئیں۔ نقل تو کر لی گئی لیکن لوگ کہاں سے آنے تھے؟

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٰٹی اس وقت بیانیے کے بحران سے دوچار ہیں۔ پی ڈی ایم کے نام پر ایک چوں چوں کا مربہ بنا دیا گیا ہے، لیکن نومولود قیادت کی سمجھ میں یہ بات نہیں آ رہی کہ پی ٹی آئی کی طوفانی سیاست کے سامنے کیسے کھڑے ہونا ہے۔

XS
SM
MD
LG