رسائی کے لنکس

logo-print

کوریائی تاریخ رقم کرنے کا موقع دستک دے رہا ہے: پومپیو


نئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن سے ملاقات کرنے کی منصوبہ بندی ’’جزیرے نما کوریا کی تاریخ کے دھارے کو تبدیل کرنے کے ایک غیرمعمولی موقعے کی حیثیت رکھتی ہے‘‘۔

بدھ کے روز امریکی محکمہٴ خارجہ میں عہدہ سنبھالنے کی باضابطہ تقریب کے بعد، پومپیو نے کہا کہ ’’میں لفظ ’موقعے‘ پر زور دیتا ہوں۔ ہم اُس کام کے شروعاتی مراحل کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کے نتیجے کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا‘‘۔ صدر ٹرمپ اس تقریب میں شریک تھے۔

پومپیو نے کہا کہ ’’ٹرمپ انتظامیہ ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائے گی‘‘۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ ’’ہماری آنکھیں کھلی ہیں۔ ہم شمالی کوریا کے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو مستقل، ناقابل تردید ثبوت کی بنیاد پر، پھر سے سر نہ اٹھانے والی صورت میں تلف کرنے کے معاملےمیں پُرعزم ہیں، تاکہ یہ مقصد بغیر کسی مزید دیر کے حاصل کیا جاسکے‘‘۔

باضابطہ تقریب میں شرکت کے لیے ٹرمپ نے بدھ کے روز محکمہٴ خارجہ کا پہلا دورہ کیا۔

پومپیو کی تعریف کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ ’’مائیک ایک حقیقی امریکی محب وطن ہیں۔ مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بطور ملک کے اعلیٰ ترین سفارت کار، آپ امریکہ کے لیے باعثِ فخر بنیں گے‘‘۔

پومپیو نے عہد کیا کہ وہ امریکی محکمہٴ خارجہ کا ’’رعب و دبدبہ‘‘ بحال کریں گے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG