رسائی کے لنکس

تعلیم، امن اور خدمت پر مامور تنظیم پر حملہ قابل مذمت ہے: پومپیو


کابل خودکش حملہ (فائل)
کابل خودکش حملہ (فائل)

امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان کے دارلحکومت کابل میں امریکی فلاحی تنظٰم کے دفتر پر حملے کی مذمت کی ہے۔

مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ منافع کے بغیر خدمات سر انجام دینے والی امریکی تنظیم، ’کاؤنٹرپارٹ انٹرنیشنل‘ افغان امن، اور تعلیم کے فروغ کے لئے مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔

کابل سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، غیر سرکاری بین الاقوامی تنظیم کے دفتر پر حملے میں خودکش حملہ آوروں سمیت نو افراد ہلاک، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔

پومپیو نے کہا کہ ’’جس تنظیم کو بدھ کے روز ہدف بنایا گیا وہ ایسے پروگرام چلاتی ہے، جس سے مکالمے، امن، نوجوانوں کی شرکت میں اضافے اور خواتین کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے‘‘۔

انھوں نے کہا کہ تنظیم کے افغان اور بین الاقوامی عملے نے افغان عوام کی خدمت کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے، جس سے امن اور سب کی شرکت کی بنیاد پر ملک کے مستقبل میں بہتری لانے کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ’’یہ پُرتشدد حملہ مثالی اقدار پر احمقانہ حملہ ہے، جن اقدار کی سربلندی کی ’کاؤنٹرپارٹ‘ جیسی تنظیمیں حمایت کرتی ہیں، جیسا کہ دوسروں کی خدمت، تعلیم اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کا جذبہ‘‘۔

بقول ان کے، ’’ہم بہادر افغان سیکورٹی افواج کو سراہتے ہیں جنھوں نے حملے کا خاطرخواہ جواب دیا اور لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدام کیا‘‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، جب کہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے متمنی ہیں، اور ایک بار پھر طالبان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دانستہ طور پر سویلین آبادی پر حملے کرنا بند کر دیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG