رسائی کے لنکس

امریکہ: ریاست الاسکا میں 7.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے


اینکریج کے علاقے میں پولیس کا گشت (فائل)
اینکریج کے علاقے میں پولیس کا گشت (فائل)

امریکہ کی ریاست الاسکا کے جنوبی ساحلوں سے دور آنے والے سات اعشاریہ آٹھ شدت کے زوردار زلزلے کے جھٹکوں نے منگل کو رات گئے ساحلی علاقے کے مکینوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

زلزلے کے بعد سونامی کے ڈر سے کچھ لوگ اونچے علاقوں کی جانب منتقل ہونے لگے۔ فوری طور پر نقصانات کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئیں۔

امریکی جیولاجیکل سروے کے مطابق، منگل کی رات دس بج کر بارہ منٹ پر آنے والے اس زلزلے کا مرکز جنوبی ساحل سے 65 میل دور اور 17 میل کی گہرائی کے اندر واقع تھا۔

جیولوجیکل سروے کے ایک ماہر مائیکل ویسٹ کے مطابق، زلزلے کے مقام کی وجہ سے جزیرہ نما الاسکا کے قریبی علاقوں میں اس طرح کے جھٹکے محسوس نہیں کئے گئے جیسا کہ عمومی طور پر ہوا کرتے ہیں۔

تاہم، مائیکل ویسٹ کا کہنا ہے کہ اس کے یہ معنی نہیں ہیں کہ 100 میل کے خطے میں بسنے والی چھوٹی چھوٹي بستیوں کے لوگ آرام سے سوتے رہے۔ انہیں بھی جھٹکے محسوس ہوئے۔ زلزلے کے جھٹکے 500 میل دور تک محسوس کئے گئے۔

بدھ کی صبح علاقے کے پولیس سارجنٹ مائیک سورٹر کا کہنا ہے کہ کسی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اور سب کچھ معمول کے مطابق ہے۔

سونامی کے انتباہ کی وجہ سے ساحلی علاقوں کے مکین اونچی جگہوں کی جانب منتقل ہوئے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں لوگوں کی لمبی قطاروں کو اونچی جگہوں پر منتقل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک جزیرے میں مقامی ہائی سکول اور کیتھولک گرجا گھر نے لوگوں کے لئے اپنے دروازے کھول دئے۔

سونامی وارننگ سینٹر کے عہدیداروں نے اس وقت سونامی کا انتباہ واپس لینا شروع کیا، جب انہوں نے یہ دیکھا کہ سمندر میں آنے والی لہروں کی اونچائی صرف ایک فٹ بلند ہے۔

XS
SM
MD
LG