رسائی کے لنکس

میکسیکو میں شدید زلزلے کے جھٹکے


میکسیکو کے جنوبی اور وسطی علاقے ایک طاقتور زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے جس کی شدت 7.2 بتائی گئی ہے۔

جمعہ کی شام آنے والے زلزلے سے بلند و بالا عمارتوں اور گھروں سے لوگ باہر نکل آئے۔ یہ لوگ پانچ ماہ قبل آنے الے مہلک زلزلے کے خوف سے ابھی پوری طرح بحال نہیں ہو پائے تھے۔

میکسیکو شہر کے مرکزی ریفارما ایونیو اور ریاست اوحاکا کی گلیوں میں زلزلے سے خوفزدہ لوگ کھلے آسمان تلے جمع ہوئے۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.2 تھی اس کا مرکز ریاست اوحاکا کے شمال مشرقی علاقے پینوٹیپا سے 53 کلومیٹر دور زیرزمین 24 کلومیٹر میں تھا۔

زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے جانے والا ایک فوجی ہیلی کاپٹر اچانک گر کر تباہ ہو گیا جس سے زمین پر موجود کم از کم دو افراد ہلاک ہوگئے۔

ہیلی کاپٹر پر میکسیکو کے وزیرداخلہ الفونسو ناوریٹ پریڈا اور اوحاکا کے گورنر الہانڈرو مرٹ سوار تھے جو اس حادثے میں محفوظ رہے۔

اوحاکا ریاست کے حکام کے مطابق زلزلے سے چند عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک لاکھ لوگوں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

گزشتہ ستمبر میں زلزلے سے بڑی پیمانے پر تباہی ہوئی تھی
گزشتہ ستمبر میں زلزلے سے بڑی پیمانے پر تباہی ہوئی تھی

حکام کے بقول متاثرہ عمارتوں کے رہائیشیوں کے لیے عارضی پناہ گاہیں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔

مرکزی شہر میکسیکو میں لگ بھگ ایک منٹ تک اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور کئی پرانی عمارتوں میں دراڑیں بھی پڑ گئیں۔

میکسیکو شہر اور جنوبی علاقے گزشتہ ستمبر میں آنے والے زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئے تھے اور اس میں 360 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جمعہ کو آنے والے زلزلے کے جھٹکے گوئٹے مالا میں بھی محسوس کیے گئے۔

XS
SM
MD
LG