رسائی کے لنکس

مطالبات نہ مانے تو ’میرا نعرہ گو نواز گو ہو گا‘


لاہور میں اپنی جماعت کے انچاسیویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ’’اگر 27 دسمبر تک نواز شریف صاحب نے میرے مطالبات نہ مانے تو میرا نعرہ گو نثار گو سے گو نواز گو ہو گا۔‘‘

پاکستان میں حزب مخالف کی جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زداری نے متبنہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے 27 دسمبر تک اُن کی جماعت کے مطالبات نا مانے تو پھر وہ ’’گو نواز گو‘ کا نعرہ بھی لگا سکتے ہیں۔

لاہور میں اپنی جماعت کے انچاسیویں یوم تاسیس کے موقع پر جمعہ کو ایک تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ’’اگر 27 دسمبر تک نواز شریف صاحب نے میرے مطالبات نہ مانے تو میرا نعرہ گو نثار گو سے گو نواز گو ہو گا۔‘‘

بلاول بھٹو انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیر داخلہ چوہدری نثار پر اس سے قبل تنقید کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے حکومت کے سامنے اپنے چار مطالبات رکھے تھے، جن میں پہلا مطالبہ یہ تھا کہ سابق سابق صدر آصف زرداری کے دور میں اقتصادی راہداری پر ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کی قرار دادوں پر عمل ہونا چاہیے، دوسرا مطالبہ یہ تھا کہ پاناما لیکس پر پیپلزپارٹی کا مجوزہ مسودہ قانون منظور کیا جائے۔

جب کہ تیسرے مطالبے میں حکومت سے فوری طور پر مستقل وزیر خارجہ تعینات کرنے کا کہا گیا تھا اور چوتھے مطالبے میں پارلمیان کی ’نیشنل سکیورٹی کمیٹی‘ کی از سر نو تشکیل کے لیے کہا گیا تھا۔

بلاول بھٹو یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر حکومت نے اُن کے مطالبات نا مانے تو وہ لانگ مارچ کی کال بھی دے سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG