رسائی کے لنکس

logo-print

’پریم رتن دھن پائیو‘ سلمان خان کی بڑی فلم کے بڑے چرچے


’میں نے پیار کیا‘ سے سلمان نے طویل تر شہرت کے سفر کا آغاز کیا اور پھر’ہم آپ کے ہیں کون‘ نے مقبولیت اور بزنس کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ اب تقریباً 16 سال بعد ’پریم رتن دھن پائیو‘ میں سورج برجاٹیہ اور سلمان نے ایک ساتھ کام کیا ہے

بالی وڈ میگا اسٹار سلمان خان کی نئی فلم ’پریم رتن دھن پائیو‘ کے چرچے تو آپ تک بھی ضرور پہنچیں ہوں گے۔ کئی کامیاب، ہٹ، سپرہٹ، میگا ہٹ فلموں کی ریلیز اور سالوں کے بعد ایسا ہو رہا ہے جب سلمان خان کی کوئی فلم عید کے بجائے ہندو برادری کے سب سے بڑے تہوار دیوالی پر ریلیز ہونے والی ہے۔

سلمان اور فلم میں ان کی ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی ایکٹریس سونم کپور ان دنوں فلم کی پروموشن میں زور و شور سے مصروف ہیں خواہ وہ ٹی وی ڈرامے ہوں، رئیلٹی شو ہوں یا روڈ شوز۔

’پریم رتن دھن پائیو‘ کے فلم میکر، سورج برجاٹیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فلم صرف اور صرف سلمان خان کے لئے بنائی ہے۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق، ممبئی میں فلم کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت میں سورج برجاٹیہ نے کہا ’میں چاہتا ہوں کہ پریم کا جادو ایک بار پھر سر چڑھ کر بولے اور سلمان خان نوجوانوں کی سوچ بدلنے میں کامیاب رہیں۔‘

سورج کی فلمیں سلمان خان کے لئے ہمیشہ لکی ثابت ہوئی ہیں۔ ’میں نے پیار کیا‘ سے سلمان نے طویل تر شہرت کے سفرکا آغاز کیا اور پھر’ہم آپ کے ہیں کون‘ نے مقبولیت اور بزنس کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ اب تقریباً 16 سال بعد ’پریم رتن دھن پائیو‘ میں سورج برجاٹیہ اور سلمان نے ایک ساتھ کام کیا ہے۔

’پریم رتن دھن پائیو‘ میں سلمان خان کا ساتھ دینے والے دوسرے فنکاروں میں شامل ہیں سونم کپور، نیل نتن مکیش، ساورا بھاسکر اور ارمان کوہلی۔

سونم کپور کی کوئی بھی فلم اب تک باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ پے درپے بلاک بسٹر دینے والے سلمان ’پریم رتن دھن پائیو‘ کی باکس آفس پرکامیابی کی غرض سے سونم کے لئے کس حد تک خوش قسمت ثابت ہوتے ہیں۔

سلو بھائی کے پاکستانی فینز بھی پریم رتن دھن پائیو کی ریلیز کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔ فلم دو دن بعد یعنی 12نومبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔

XS
SM
MD
LG