رسائی کے لنکس

صدارتی انتخاب، متحدہ اپوزیشن کا مری میں اہم اجلاس طلب


ایوان صدر
ایوان صدر

صدارتی انتخاب کے مجموعی ووٹوں کی تعداد 706 ہے، اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا صدر منتخب ہوگا۔ ملک بھر میں صدارتی الیکشن چار ستمبر کو ہوگا

صدر مملکت کے انتخاب کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی کوششیں جاری ہیں اور متحدہ اپوزیشن کا اہم اجلاس ہفتے کو مری میں ہوگا، جس میں اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ امیدوار کے لیے لائحہ عمل پر غور ہوگا۔

صدارتی انتخاب میں ووٹ کا حق کس کس کو حاصل ہے، اس حوالے سے قواعد کے مطابق الیکٹورل کالج قومی اسمبلی، سینیٹ، چاروں صوبائی اسمبلیوں کے کل 1174 ارکان پر مشتمل ہے۔ صدارتی انتخاب کے لیے ہر صوبائی اسمبلی کے 65 ووٹ شمار ہونگے۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ گنا جائے گا اس طرح صدارتی انتخاب کے مجموعی ووٹوں کی تعداد 706 ہے، اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا صدر منتخب ہوگا۔ ملک بھر میں صدارتی الیکشن چار ستمبر کو ہوگا۔

برسر اقتدار پاکستان تحریک انصاف نے اس عہدے کے لیے کراچی سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کو نامزد کیا ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے جمعہ کے روز ’تحریک لبیک پاکستان‘ کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور ان سے صدارتی الیکشن میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ کراچی رضویہ ہاؤس پہنچنے والے پی ٹی آئی وفد میں عارف علوی کے ساتھ رکن قومی اسمبلی عبدالشکور شاد، جمال صدیقی اور دیگر شامل تھے۔

’تحریک لبیک‘ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک کا بنیادی مشن ناموس رسالت کا تحفظ ہے۔ وفاقی حکومت ہالینڈ کے ساتھ سفارتی تعلقات پر نظرثانی کرے۔ اس موقع پر صدارتی امیدوار عارف علوی کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکے مسلم دنیا کے ساتھ جنگ کا اعلان ہے۔ جو لوگ اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف مؤقف سخت سے سخت ہونا چاہیے‘‘۔ انہوں نے کہا تحریک لبیک کا مؤقف اپنی پارٹی کے سامنے پیش کریں گے۔

دوسری جانب، اپوزیشن کے اتحاد کی کوششیں بھی جاری ہیں اور صدارتی انتخاب میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مشترکہ امیدوار کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ’آل پارٹی کانفرنس‘ کل ہوگی، یہ کانفرنس مری میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر ہوگی۔ اے پی سی میں پاکستان مسلم ن سمیت پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے شرکت کریں گی۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اجلاس ہفتہ 25 اگست کو صبح ساڑھے گیارہ بجے مری کشمیر پوائنٹ میں میاں نواز شریف کی رہایش گاہ پر ہوگا۔ اس اے پی سی میں پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل اے این پی سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد، پرویز رشید نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ’’پاکستان مسلم لیگ(ن) اعتزاز احسن کے نام پر غور کرسکتی ہے، اگر وہ اڈیالہ جیل آکر نواز شریف سے معافی مانگیں تو اس نام پر بھی غور ہوسکتا ہے‘‘۔

XS
SM
MD
LG