رسائی کے لنکس

پریماداسااسٹیڈیم کی تاریخ ، سری لنکا کا پلڑا بھاری


پریماداسااسٹیڈیم کی تاریخ ، سری لنکا کا پلڑا بھاری
پریماداسااسٹیڈیم کی تاریخ ، سری لنکا کا پلڑا بھاری

عالمی کرکٹ کپ کا پہلا سیمی فائنل منگل کو پریماداسا اسٹیڈیم کولمبومیں میزبان سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ اس میدان میں دونوں ٹیمیں پہلے بھی سات مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف اترچکی ہیں۔ پانچ مرتبہ میزبان ٹیم نے فتح حاصل کی، ایک میچ میں کیویز کامیاب ہو ئے جبکہ ایک مقابلہ بے نتیجہ رہا۔

پریما داسا اسٹیڈیم کی تعمیر سن 1986 میں مکمل ہوئی ۔ گراؤنڈ کا نام سری لنکا کے سابق صدر رانا سنگھاپریماداسا کے نام پر رکھا گیا ۔ سری لنکا اور نیوزی لینڈاس میدان میں پہلی بار اپریل 1986 میں ٹکرائے جس میں میزبان سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست ہوئی ۔دسمبر 1992 میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بے نتیجہ رہا تاہم اس کے بعد کیویز کے مقابلے میں آخری پانچ میچوں میں فتح سری لنکا کے حصے میں آئی۔

دسمبر 1992 میں پہلی مرتبہ سری لنکا نے بلیک کیپس کے خلاف 31 رنز سے فتح کا مزا چکھا ۔ جون 1998 میں سری لنکا کو 7 وکٹوں سے فتح نصیب ہوئی ۔ جولائی دوہزار ایک میں سری لنکا نے کیویز کے خلاف ایک ہی ماہ میں تین فتوحات حاصل کیں جبکہ دونوں ٹیمیں دسمبر 2008 میں آخری مرتبہ پریماداسا اسٹیڈیم میں ہی آمنے سامنے آئی تھیں۔ اس میچ میں میزبان ٹیم 97 رنز سے جیتی۔

35 ہزار تماشائیوں کے لئے گنجائش رکھنے والایہ میدان اب تک 100 مقابلوں میں مختلف ٹیموں کی میزبانی کر چکا ہے جس میں 56 مرتبہ پہلے بیٹنگ کرنے والی اور37 مرتبہ ہدف عبور کرنے والی سائیڈنے کامیابی حاصل کی ۔بیٹنگ میں سری لنکا کی حالیہ ٹیم کے کپتان سنگاکارا میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کر چکے ہیں جو 1297 رنز ہے جس میں ایک سنچری اور آٹھ نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ بالنگ میں مرلی دھرن نے 26 اعشاریہ 47 کی اوسط سے سب سے زیادہ 73 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

یہاں سب سے زیادہ اسکور کرنے کا اعزاز بھارتی ٹیم کے پاس ہے جو پانچ وکٹوں پر 363 ہے۔ میزبان سری لنکا کا یہاں سب سے زیادہ اسکور8 وکٹیں گنوا کر 320 رنزہے ۔ اسی میدان پر سری لنکا کا کم ترین اسکور 96 ہے جب 1993 میں اسے ویسٹ انڈیز نے آؤٹ کیا تھا جبکہ نیوزی لینڈ119 کے کم ترین اسکور پر سری لنکا کے بالرز کا نشانہ بن چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG