رسائی کے لنکس

سری لنکا، نیوزی لینڈ پہلا سیمی فائنل معرکہ منگل کوہوگا


سری لنکا، نیوزی لینڈ پہلا سیمی فائنل معرکہ منگل کوہوگا
سری لنکا، نیوزی لینڈ پہلا سیمی فائنل معرکہ منگل کوہوگا

منگل کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل معرکے میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ ان کھلاڑیوں میں سری لنکا کے جے وردھنے، کمار سنگاکارا، اوپل تھرنگا، مرلی دھرن اور لیستھ مالنگا جبکہ نیوزی لینڈ کے اسکاٹ اسٹراس، جیکب اورم، ڈینیل ویٹوری اور ڈیرن ٹفی شامل ہیں ۔

بیٹنگ کے شعبے میں سری لنکا کے جے وردھنے کو کیویز کے خلاف 33 بار میدان میں اترنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 34 اعشاریہ دو، دو کی اوسط سے 924 رنز بنا رکھے ہیں جن میں دو سنچریاں اور چار نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ کپتان سنگاکارا کیویز بالنگ لائن کے سامنے دوسرے کامیاب بلے باز ہیں۔ ان کا اب تک کا اسکور 30 میچوں میں 33 اعشاریہ ایک نو کی اوسط سے ایک سنچری اور 6 نصف سنچریوں سمیت 863 رنزہے۔ اوپنر اوپل تھرنگا کا نمبر تیسرا ہے جنہوں نے 15 مقابلوں میں 34 اعشاریہ نو صفر کی اوسط سے 498 رنز اپنے نام کیے۔ وہ کیویز کے خلاف ایک مرتبہ ٹرپل فگراور4 چار بار پچاس کا ہندسہ عبور کر چکے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے زیادہ تر کیویز اسٹاربلے باز اب ٹیم کا حصہ نہیں تاہم اسکاٹ اسٹراس کی کارکردگی دیگر کھلاڑیوں میں سب سے نمایاں ہے۔ انہوں نے 15 میچوں میں تینتیس اعشاریہ تین تین کی اوسط سے 406 رنز اپنے ریکارڈ کا حصہ بنائے جس میں دو مرتبہ وہ سو کا ہندسہ بھی عبور کر چکے ہیں۔ ان کے علاوہ جیکب اورم نے 22 مقابلوں میں سری لنکاکے خلاف 17 اعشاریہ تین ایک کی اوسط سے 277 رنز کیے جس میں ان کی صرف ایک نصف سنچری شامل ہے ۔

بیٹنگ کے حوالے سے دیکھا جائے تو سری لنکا کا پلڑا بھاری ہے کیونکہ جے وردھنے، سنگاکارا اور اوپل تھرنگا اب بھی بھر پور فارم میں ہیں اور ان تینوں کی نیوزی لینڈ کے خلاف اوسط بھی اچھی ہے جبکہ کیویز کے اگر چہ ابتدائی پانچ بلے باز موجودہ ایونٹ میں انتہائی خطرناک روپ میں نظر آئے لیکن سری لنکا کے خلاف ماضی میں اسکاٹ اسٹراس اور جیکب اورم ہی کچھ نام کما پائے ہیں۔

بالنگ میں سری لنکا کے جادو گر اسپنر مرلی دھرن کیویز کے خلاف سب سے اہم ہتھیار ثابت ہوئے جنہوں نے 40 مقابلوں میں 17 اعشاریہ 86 کی اوسط سے 72 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ ا س میں 9 رنز کے عوض 5 وکٹیں ان کی انتہائی شاندار بالنگ بھی شامل ہے۔ کیویز بیٹنگ لائن کے خلاف مرلی کا اکانومی ریٹ صرف 3.54 ہے۔ لیستھ مالنگا ماضی میں کیویز بیٹنگ لائن کیلئے دردسر بنے جنہوں نے 40 میچوں میں 22.55 کی اوسط سے 18 وکٹیں اپنے نام کیں۔ان دونوں کے علاوہ سری لنکا کا کوئی بھی بڑا نام اب تک کیویز کے خلاف خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔ دلشان نے 19 میچوں میں 6 جبکہ اجنتا مینڈس نے 5 میچوں میں تین وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں ۔

دوسری جانب ویٹوری اپنی ٹیم میں سری لنکا کے خلاف سابقہ ادوار میں سب سے اچھی کارکردگی دکھانے والے گیند باز ہیں جوسری لنکا کے خلاف 28 میچوں میں 24 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں تاہم اس کی اوسط 40.41 ہے اور اکانومی ریٹ بھی 4.10 ہے۔ ان کے علاوہ ڈیر ن ٹفی 17 میچوں میں 30.21 کی اوسط سے 19 سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے، جیکب اورم نے 22 میچوں میں 38 کی اوسط سے 18 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔

یوں بیٹنگ کے بعد بالنگ میں بھی سری لنکا کی پرفارمنس ہی اچھی دکھائی دے رہے ہے۔اگر چہ کیویز کپتان 24 وکٹیں لے چکے ہیں تاہم مرلی 72 وکٹوں سے ان پر سبقت رکھتے ہیں۔

مجموعی طور پردیکھا جائے تو نیوزی لینڈ کے مقابلے میں سری لنکا کو سبقت حاصل ہے تاہم کرکٹ کے بارے میں آخری لمحوں تک کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

XS
SM
MD
LG