رسائی کے لنکس

شہزادہ ہیری کو ذہنی صحت کے امریکی ادارے میں نوکری مل گئی


شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے والے برطانوی شہزادے اب ذہنی صحت سے متعلق کام کرنے والی فرم میں خدمات انجام دیں گے۔ (فائل فوٹو)
شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے والے برطانوی شہزادے اب ذہنی صحت سے متعلق کام کرنے والی فرم میں خدمات انجام دیں گے۔ (فائل فوٹو)

برطانیہ کے شاہی خاندان کو خیر باد کہنے والے شہزادہ ہیری اب امریکہ میں ذہنی صحت کے ادارے میں ملازمت کریں گے۔

گزشتہ برس شاہی ذمے داریوں سے دست بردار ہونے والے ڈیوک آف سسیکس ہیری اب ذہنی صحت سے متعلق ایک امریکی ادارے 'بیٹر اپ' میں چیف امپیکٹ آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے گزشتہ سال شاہی خاندان کے فرد کی حیثیت سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہیں ملکۂ برطانیہ کی جانب سے ملنے والے فنڈز کا اجرا روک دیا گیا تھا۔

مذکورہ کمپنی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ شہزادہ ہیری کو کتنی تنخواہ اور دیگر مراعات ملیں گی۔

سان فرانسسکو میں قائم ادارہ 'بیٹر اپ' مختلف کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کی کوچنگ اور اُن کی ذہنی صحت پر کام کرتا ہے۔ کمپنی کے صارفین میں 'مارس'، 'اے بی ان بیو' اور 'لنکڈ ان' جیسی کمپنیاں شامل ہیں۔

'بیٹر اپ' کے چیف ایگزیکٹو افسر الیکسی روبیچاکس کا کہنا ہے کہ ڈیوک آف سسیکس ہماری کمپنی کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔ کیوں کہ وہ ایک متاثر کن شخصیت اور اپنے عمل سے اثر انداز ہونے کی صلاحیت کے مالک ہیں۔

برطانیہ کا شاہی خاندان مشکلات کے بھنور میں
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:44 0:00

الیکسی روبیچاکس نے 'انوکٹس گیمز' کا حوالہ بھی دیا جن کا آغاز شہزادہ ہیری کی کاوشوں سے ہوا تھا۔ ان میں زخمی، بیمار یا سابقہ فوجی اہلکاروں کو کھیلوں کی دنیا میں مقابلہ کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔

شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد امریکی ریاست کیلی فورنیا میں رہائش پذیر شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ خود روزگار کے مواقع تلاش کریں گے۔

شہزادہ ہیری کی جانب سے ملازمت کرنے کا یہ اعلان حال ہی میں امریکی ٹی وی کی میزبان اوپرا ونفری کو دیے گئے تہلکہ خیز انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے۔

شہزادہ ہیری نے افریقہ میں ایک امدادی ادارہ بھی قائم کیا ہے جو ایڈز جیسی بیماری میں مبتلا نوجوانوں کی مدد کرتا ہے۔

شہزادہ ہیری کا ایک بلاگ پوسٹ میں کہنا تھا کہ وہ امریکی فرم 'بیٹر اپ' کے ساتھ اس لیے منسلک ہوئے ہیں کیوں کہ کمپنی کا مشن لوگوں کو ذہنی صحت سے متعلق معاونت کرنا ہے۔

برطانوی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگن مارکل کی محبت تصاویر میں
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:47 0:00

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ذہن سے ہم آہنگ ہونا اور اپنے ارد گرد مدد یا معاونت کا ہونا، آپ کی کارکردگی میں نکھار لاتا ہے۔

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے آن لائن اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے لیے مواد تیار کرنے کے لیے بھی ایک معاہدہ کیا ہوا ہے۔ جب کہ جوڑے نے میوزک پلیٹ فارم 'اسپوٹی فائے' کے ساتھ بھی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ پوڈ کاسٹ کریں گے۔

ہیری اور میگھن کی شادی مئی 2018 میں ہوئی تھی اور ایک سال بعد اُن کے ہاں بیٹے آرچی کی ولادت ہوئی۔

بعد ازاں مارچ 2020 میں میگھن اور ہیری شاہی ذمے داریوں سے دست بردار ہو گئے تھے جس کے بعد اب جوڑا امریکی ریاست کیلی فورنیا میں مقیم ہے۔

XS
SM
MD
LG