رسائی کے لنکس

بھارت: میزائل شکن میزائل کا تجربہ ناکام ہوگیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت نے دشمن کے میزائل کو فضا میں روکتے ہوئے اُسے تباہ کرنے کے لیے میزائل شکن میزائل ، یعنی انٹرسیپٹر کا تجربہ کیا جو کہ ناکام ہوگیا۔

اُڑیسہ کے بالاسو ر میں اِنٹی گریٹڈ سپیس رینج سے پیر کے دِن یہ تجربہ کیا گیا، جو تکنیکی خرابی کے سبب ناکام ہوگیا۔ لانچ پیڈ تین اور چارکو اِس تجربے کے لیے استعمال کیا گیا تھا، لیکن دونوں میں ہم آہنگی اور تال میل کی کمی کے سبب دفاعی سائنس دانوں کو مایوسی ہوئی۔

بتایا جاتا ہے کہ صبح 10 بج کر دو منٹ پر پرتھوی میزائل کے جدید ترین نمونے کو دشمن کے میزائل کے طور پر پیڈ تھری سے داغا گیا، لیکن لانچ پیڈ فور سے اِس میزائل کو روکنے والا میزائل پرواز نہیں کرسکا۔

ذرائع کے مطابق، پرتھوی میزائل کے مقررہ راستے سے ہٹ جانے کے سبب میزائل شکن میزائل کا ریڈار سسٹم اُس کا پتا چلانے میں ناکام ہوگیا اور انٹرسیپٹر نے اُڑان نہیں بھری۔ اِس طرح میزائل شکن سے متعلق نظام اپنی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔

میزائل شکن میزائل کا یہ تجربہ دراصل اتوار کو طے کیا گیا تھا، لیکن لمحہٴ آخر میں تکنیکی خرابی کے سبب اُسے ملتوی کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اب تک 2006ء اور 2009ء کے درمیان اِس طرح کے ابتدائی مرحلے کے تین تجربے کیے گئے جو کہ کامیاب رہے۔ پیر کے دِٕن کا تجربہ چوتھا اور عصری نوعیت کا تھا۔ اِس طرح، فضائی دفاع کے عصری میزائل شکن میزائل کے بھارت کے اِس تجربے کی ناکامی نے دفاعی سائنس دانوں کو مایوس کر دیا ہے۔

بھارتی محکمہٴ دفاع کے ذرائع نے بتایا ہے کہ تکنیکی خرابیوں کا پتا چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG