رسائی کے لنکس

اسلام آباد نے لاہور کو ہرا دیا، فیصلہ ’سپر اوور‘ میں ہوا


پاکستان سپر لیگ تھری کے بارہویں میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندر کو سپر اوور میں شکست دے دی۔ مقررہ 20،20 اوور میں ٹائی ہونے کے بعد، میچ کا فیصلہ ’سپر اوور‘ میں ہوا۔ ایونٹ میں یہ لاہور قلندرز کی مسلسل چوتھی شکست ہے۔

سپر اوور میں پہلے بیٹنگ کرتےہوئے لاہور قلندر نے 16رنز کا ہدف دیا۔ آندرے رسل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے 19رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز شروع کی۔ لیکن رونکی کو دوسری ہی گیند پر فخر زمان نے بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ دکھا دی۔

صاحبزادہ فرحان بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 6رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر سنیل نارائن کو کیچ دے بیٹھے، مصباح الحق 4رنز بناکر چلتے بنے۔

ایک کے بعد ایک وکٹ گرنے سے اسلام آباد کی ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہوگئی، جس کی وجہ سے رنز بنانے کی رفتار بھی کافی سست پڑگئی۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین پٹیل 9رنز بنائے، 70رنز پر اسلا م آباد کے 6 ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔

رسل اور حسین طلعت نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 37قیمتی رنز جوڑے، رسل 15رنز کی اننگز کھیل کر حسین طلعت کا ساتھ چھوڑ گئے۔ فہیم اشرف صفر اور شاداب خان صرف ایک رن بناسکے۔

حسین طلعت نے 21 گیندوں پر 33رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس طرح اسلام آباد کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 121رنز بنا سکی۔

لاہور قلندرز کے یاسر شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 20رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ سہیل خان نے دو جبکہ فخر زمان، مستفیض الرحمان اور سلمان ارشاد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز ڈرامائی انداز میں ہوا اور پہلے ہی اوور میں صرف چار رنز پر اُس کے دو بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔عمر اکمل 4رنز بناکر جبکہ فخرزمان بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان مک کولم اور آغا سلمان نے مل ٹیم کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں73قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کر دیا۔ آغا سلمان محمد سمیع کی شارٹ پچ گیند پر ہک کرکے باؤنڈری لائن پر کیچ ہوگئے، وہ 35گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 48رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

آغا سلمان کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک بار پھر لاہور قلندر کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور مک کولم کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا ، مک کولم 49گیندوں پر 34رنز بناکر آؤٹ ہوئے جو ٹی 20 کیریئر میں اُن کی سست ترین اننگز ہے۔

مک کولم جب آؤٹ ہوئے تو میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھ میں تھا، لاہور قلندر کو 4گیندوں پر سات رنز درکار تھےاور اس کی آخری وکٹ باقی تھی۔ نئے آنے والے بیٹسمین سلمان ارشاد محمد سمیع کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر اسکور برابر کر دیا۔ لیکن، سمیع نے اگلی ہی گیند پر سلمان ارشاد کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ یوں دونوں ٹیموں کا اسکور 121،121 برابر ہوگیا اور میچ کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل پر اب کراچی کے کنگز کے سات اور ملتان سلطانز کے پانچ پوائنٹس ہیںجبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے چا، چار پوائنٹس ہیں۔ لاہور قلندر کی ٹیم اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی۔

ایونٹ میں ہفتے کو دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دوسرا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG