رسائی کے لنکس

پی ایس ایل فائیو: ملتان سلطانز نے کراچی کو 52 رنز سے ہرا دیا


ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا تھا۔ 
ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا تھا۔ 

پاکستان سپر لیگ کے مقابلے میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دے دی ہے۔ ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 187 رنز کا ہدف دیا تھا۔

​راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔

ملتان کی طرف سے اوپنرز معین علی اور کپتان شان مسعود نے شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں بلے باز بالترتیب 65 اور 61 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ ذیشان اشرف نے 23 اور خوشدل شاہ نے 10 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر اور کرس جارڈن نے دو دو جب کہ عمید آصف اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف پورا نہ کر سکی اور صرف 17 اوورز میں 134 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ایلکس ہیلز نے اسکور کیے۔ انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 29 رنز بنائے۔ شرجیل خان 16، بابر اعظم 13، والٹن 15، عمید آصف 20 اور افتخار احمد 14 رنز بنا سکے۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹسمین ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہو سکا۔

ملتان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی عمران طاہر تھے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ محمد عرفان، معین علی اور محمد الیاس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ سہیل تنویر اور شاہد آفریدی نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ملتان سطانز کے خلاف کراچی کنگز میں ایک تبدیلی کی گئی تھی۔ کنگز کی ٹیم شرجیل خان، الیکس ہیلز، کیمرون ڈلپورٹ، بابر اعظم، کپتان عماد وسیم، عمید، افتخار احمد، چیڈوک والٹن، کرس جارڈن، محمد عامر اور محمد عمر پر مشتمل تھی۔

ایونٹ میں اب تک ملتان سلطانز تین اور کراچی کنگز کی ٹیم دو میچز کھیل چکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے جب کہ کراچی کنگز دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG