رسائی کے لنکس

پی ایس ایل تھری کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع


کمنٹیٹرز
کمنٹیٹرز

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی ہے۔ ’پی ایس ایل تھری‘ کا باقاعدہ آغاز 22 فروری کی شام پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے ایک رنگا رنگ تقریب سے ہوگا، جبکہ پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطان کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے کھیلا جائے گا۔ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 22 فروری سے شروع کر دی گئی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے ترجمان، عماد حمید نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پی ایس ایل تھری‘ کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے علاوہ شائقین کرکٹ شارجہ، ابو ظہبی اور دبئی میں مخصوص مقامات سے بھی حاصل کر سکتے ہیں، جن کی قیمتیں 20 اماراتی درہم سے لے کر 200 درہم تک ہیں۔

عماد حمید نے کہا کہ ’’ابھی صرف متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ہونے والے لیگ میچوں کی ٹکٹوں کی فروخت شروع کی گئی ہے۔ جلد ہی بقیہ شہروں میں ہونے والے میچوں کی ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی جائے گی‘‘۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان، شکیل خان نے بتایا کہ ’پی ایس ایل تھری‘ کے لیے تمام کمینٹیٹرز کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس سلسلے میں سٹار کمینٹیٹرز کی کہکشاں کو مدعو کیا گیا ہے، تاکہ شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کے ساتھ خوبصورت کمینٹری بھی سننے کو ملے۔

بقول اُن کے، ’’پی سی بی نے کمینٹری کے لیے رمیز راجہ، ڈینی موریسن، ایلن ویکنز، بازد خان، مائیکل سلاٹر، ڈیمن فلیمنگ اور ڈیرن گنگا کو مدعو کیا ہے‘‘۔

شکیل خان نے بتایا کہ ڈیرن گنگا بطور کمینٹر پی ایس ایل میں شرکت کرینگے جو اپنے مخصوص کمینٹری اسٹائیل سے دنیا بھر میں اپنا منفرد مقام رکھتے ہیں۔ کمینٹیٹرز کی کہکشاؤں میں ڈیمن فلیمنگ اور مائیکل سلاٹر کا تعلق آسٹریلیا، رمیز راجہ اور بازید خان کا تعلق پاکستان، جبکہ ڈیرن گنگا کا تعلق ویسٹ انڈیز سے ہے۔

پی ایس ایل تھری 22 فروری سے 25 مارچ تک جاری رہے گی، جس کے دونوں سیمی فائنل لاہور، جبکہ فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG