رسائی کے لنکس

پی ایس ایل: ذوہیب حسن نازیہ کو ٹربیوٹ دیں گے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی اختتامی تقریب اتوار کو کراچی میں ہوگی۔ اس تقریب میں بھی افتتاحی تقریب کی طرح نازیہ حسن کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ فرق یہ ہے کہ اس بار خراجِ عقیدت ان کے بھائی ذوہیب حسن پیش کریں گے۔

نازیہ حسن تو اب اس دنیا میں نہیں رہیں اور ذوہیب بھی کم، کم ہی کہیں پرفارم کرتے نظر آتے ہیں، لیکن سن 1980ء کے عشرے میں گائے ہوئے ان کی گانے بھارت اور پاکستان میں آج بھی مقبول ہیں۔

بھائی بہن کی جوڑی کے گانوں کو کبھی ری مکس کرکے پیش کیا جاتا ہے تو کبھی نئی فلموں میں جدید طرز میں ڈھال دیاجاتا ہے۔ مثال کے طور پر 'ڈسکو دیوانے۔۔' ایسا گانا ہے جو حالیہ برسوں میں ریلیز ہونے والی ایک بھارتی فلم میں دوبارہ اس کی ہیروئن پر پکچرائز کیا گیا۔

میوزک کمپیٹیشن ہو یا کانسرٹ، نازیہ اور ذوہیب کے گانوں کے بغیر ادھورے تصور ہوتے ہیں۔

پچھلے مہینے دبئی میں پی ایس ایل سیزن فور کی افتتاحی تقریب میں بھی نازیہ کے دو گانے "ڈسکو دیوانے۔۔" اور "تیری میری ایسی دوستی۔۔۔" نئے دور کی گلوکارہ آئمہ بیگ اور ان کے ساتھی سنگر شجاع حیدر نے گائے تھے اور خوب تعریفیں سمیٹی تھیں۔

لیکن ذوہیب حسن کا اس پر سخت اعتراض سامنے آیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گانے ان کی اجازت کے بغیر گائے گئے تھے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ذوہیب نے ان گانوں کے بغیر اجازت استعمال پر پی ایس ایل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔

اس اعلان پر پی سی بی کی انتظامیہ حرکت میں آئی اور انہوں نے ذوہیب حسن سے رابطہ کیا۔

بات چیت کے بعد اب دونوں فریقوں میں طے پایا ہے کہ ذوہیب حسن 17 مارچ کو ہونے والی اختتامی تقریب میں نہ صرف خود پرفارم کریں گے بلکہ نازیہ کو خراجِ عقیدت بھی وہ خود ہی پیش کریں گے۔

اس حوالے سے ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں ذوہیب حسن نے کہا ہے میں بہت خوش ہوں کہ میں پی ایس ایل میں اپنی مرحوم بہن کو خراجِ عقیدت پیش کروں گا۔

XS
SM
MD
LG