رسائی کے لنکس

’گینگ نم اسٹائل‘۔۔ ویڈیو دیکھنے والوں کی تعداد 2 کھرب ہوگئی


محض ایک ویڈیو دیکھنے کے حوالے سے یہ تعداد ناقابل یقین حد تک سچ ہے۔۔اسے گننے میں یو ٹیوب کا کاوٴنٹر فیل ہوگیا۔۔ یہاں تک کہ سافٹ وئیر بھی اپ گریڈ کرنا پڑا۔۔

جنوبی کوریا کے پوپ اسٹار ’سائے‘ کی جانب سے سنہ 2012 میں متعارف کردہ ’’گینگ نم اسٹائل‘ ڈانس کی ویڈیو ’یوٹیوب‘ پر دیکھنے والوں کی ہر لمحہ بڑھتی ہوئی تعداد نے وہ کر دکھایا ہے جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔۔۔

اس تعداد کو سن کر کہیں کوئی دانتوں تلے انگلیاں نہ چبالے۔۔۔کیوں کہ یہ تعداد 2 کھرب، 14 کروڑ ، 74 لاکھ، 83 ہزار 6 سو 47 سے بھی آگے نکل گئی ہے۔

یہ تعداد اتنی زیادہ ہے کہ اسے’یوٹیوب‘ پر نصب کاوٴنٹر بھی نہیں گن سکا۔ لہذا، ویب سائٹ کی انتظامیہ کو اپنا سوفٹ وئیر اپ گریڈ کرنا پڑا، تاکہ ہر لمحہ بڑھتی ہوئی اس تعداد کو گنا جاسکے۔

یہ ایسا ریکارڈ ہے جو شاید کبھی نہ ٹوٹ سکے۔ ۔۔یا کبھی ٹوٹا بھی تو اس میں کئی عشرے لگ جائیں۔

اس حوالے سے، نجی ٹی وی چینل ’سی این این‘ کا کہنا ہے کہ ’اس تعداد کے آگے ویب سائٹ پر نصب ’اوریجنل ویو کاونٹر‘ کی ’حدیں‘ بھی ختم ہوگئی تھیں اور مزید ویورز کو یہ گن نہیں سکتا تھا، چنانچہ فوری طور پر سافٹ وئیر کو اپ گریڈ کیا گیا۔‘

یوٹیوب کی مالک فرم ’گوگل‘ کا کہنا ہے کہ ’کمپنی نے کبھی یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ کوئی ویڈیو 32بٹ ۔۔یعنی 2,147,483,647 مرتبہ بھی دیکھی جاسکتی ہے۔‘

گوگل کے ترجمان، میٹ میک لرنن کا کہنا ہے کہ، ’یوٹیوب کے سافٹ ویئر انجینئرز نے پہلے ہی بھانپ لیا تھا کہ کیا مسئلہ کھڑا ہونے والا ہے۔ لہذا، اس صورتحال کے پیدا ہونے سے پہلے ہی 32 بٹ کو ’64 بٹ ویو کاونٹر‘ سے تبدیل کردیا گیا‘۔

'اب اس کاوٴنٹر کی مدد سے 9,223,372,036,854,775,808 تک گنتی گنی جاسکتی ہے۔‘

اردو میں ’اکائی، دھائی، سینکڑا، ہزار، دس ہزار، لاکھ اور دس لاکھ۔۔“ کی طرز پر گنیں تو یہ تعداد 9 سنکھ بنتی ہے۔

ریاضی داں اسے’ایک ہزار کی چھٹی طاقت‘ کہتے ہیں اور سنئے ۔۔۔ایک عام کیلکو لیٹرز پر یہ تعداد درج بھی نہیں کی جاسکتی۔۔۔

یعنی کیلکولیٹر بھی آپ سے معذرت خواہانہ انداز میں ہاتھ جوڑ لے گا۔۔ یقین نہ آئے تو تجربہ کرکے دیکھ لیجئے ۔۔ ’ہاتھ کنگن کو آرسی کیا، اور پڑھے لکھے کو فارسی کیا۔۔‘

XS
SM
MD
LG