رسائی کے لنکس

مشرق و مغرب کی فلمی دنیا


’ہالی ووڈ‘ اور ’بالی ووڈ‘ کے بعد ’لالی ووڈ‘ کی فلمی دنیا کے چرچے بھی اب خبروں کی زینت بننے لگے ہیں۔ مغرب کی فلمی دنیا کے ہیرو مشرق آ رہے ہیں تو بالی ووڈ کے ہیرو پاکستان پہنچ گئے

ہالی وڈ: لیونارڈو ڈی کیپریو بھارت جائیں گے
ہالی وڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے کہا ہے کہ فلم ’دی وولف آف وال اسٹریٹ‘ کی ریلز والے دن وہ ممبئی کے دورے پر ہوں گے۔ فلم25 دسمبر یعنی کرسمس والے دن ریلیز ہو گی۔ ان کے دورے کا مقصد بھارتی تاجروں سے ملاقات ہے۔

کیپریو کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی شہرت یافتہ اسٹاک بروکر جارڈن بیلٹ فورٹ کی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاوٴ کے گرد گھومتی ہے۔


لالی ووڈ: لاہوریوں کی مہمان نوازی کا دلدادہ ہوں، نصیر الدین شاہ
چہرے کے تاثرات اور لہجے کے اتار چڑھاوٴ اور رچاوٴ سے پرستاروں کا دل موہ لینے والے نصیرالدین شاہ لاہوریوں کی مہمان نوازی اور محبت کے شیدائی ہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے لاہور کے طلبا کے ساتھ سجائی گئی ایک محفل میں کیا۔

نصیر کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ لاہوریوں کی میزبانی اور بے پناہ محبت کو انجوائے کرتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان کے دوسرے شہروں میں بھی جائیں۔ لیکن، وقت کی کمی آڑے آجاتی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے باہمی تعلقات پر بات کرتے ہوئے 63 سالہ ورسٹائل ایکٹر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کا کلچر اور زبان ایک جیسے ہیں۔ تعلقات کی بحالی کے لئے ہر ایک کو اپنے اپنے طور پرکام کرنا ہوگا تبھی غلط فہمیوں کی دھند چھٹے گی۔

بالی ووڈ: دو نئی فلموں کے ساتھ نئے ہفتے کا آغاز
دو نئی فلموں کے ساتھ بالی ووڈ فلموں کا نیا ہفتہ شروع ہوگیا ہے۔ ان میں سے کچھ اپنی کاسٹ یا اچھی پبلسٹی کی وجہ سے ریلیز سے پہلے ہی میڈیا میں’ان‘ ہوگئی ہیں۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں کچھ اس ہفتے کی نیو ریلیزز پر اور کچھ پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلموں پرجن کی لسٹ بنائی ہے بھارتی ویب سائٹ گلیم شیم نے۔

کلب60
سنجے ترپاٹھی کی ڈائرکٹ کردہ فلم کلب 60 کی کہانی ایسے ڈاکٹر جوڑے کے گرد گھومتی ہے جو بہت جدوجہد کے بعد امریکا میں سیٹل ہوتا ہے۔ لیکن اسی دوران، دہشت گردی کی ایک واردات میں ان کا 20سالہ بیٹا مارا جاتا ہے۔ غم میں ڈوبا یہ جوڑا سب کچھ بیچ کر بھارت واپس آتا ہے۔ لیکن، یہاں بھی بیٹے کی یادیں انہیں سکون سے رہنے نہیں دیتیں۔

فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں ماضی کے مشہور ہیرو فاروق شیخ، ساریکا، ستیش شاہ، ٹینوآنند اور شرت سکسینہ۔

آر۔۔راجکمار
’ڈانسنگ دیوا‘۔ْ۔۔پربھو دیو۔۔ بڑے بڑے اسٹارز کو اپنے اشاروں پر نچانے کے بعد اب نئے میدان میں اترے ہیں اور یہ میدان ہے ڈائریکشن کا۔ فلم کی کاسٹ میں جگمگا رہے ہیں سوناکشی سنہا، شاہد کپور، سونو سوڈ، مکھل دیو اور اسرانی۔

یہ پربھودیو کی فلم ہے اس لئے ’آر ۔۔راجکمار‘ میں ڈانس کا کاک ٹیل موجود ہے اور فلم میں ایکشن، گانے، رومنس سمیت تمام مصالحے موجود ہیں۔

بلٹ راجا
سیف علی خان، سوناکشی سنہا، راج ببر کی اسٹار کاسٹ سے سجی ’بلٹ راجا‘ 29 نومبرکو سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔ فلم بلاک بسٹر تو نہ بن پائی لیکن سیف کے دیوانوں کی وجہ سے اچھا بزنس کررہی ہے۔ ’بلٹ راجا‘ کی کہانی کو ’فل ٹشن‘ کہا جا سکتا ہے، جس میں اسکرپٹ پر دھیان ذرا کم ہی دیا گیا ہے۔فلم کوڈائریکٹ کیا ہے تگمانشو دھولیا نے۔

گوری تیرے پیا ر میں
’گوری تیرے پیار میں‘ کے پروڈیوسر ہیں کرن جوہر اور ڈائریکٹر پنت ملہوترہ ہیں۔ نومبر کی 22 تاریخ کو ریلیز ہونے والی فلم کی پبلسٹی کرن جوہر کی فلموں کی طرح خوب دھوم دھام سے کی گئی تھی۔ لیکن، فلم باکس آفس پر کوئی خاص رنگ جما نہیں پائی حالانکہ فلم کی کاسٹ میں عمران خان اور کرینہ کپور جیسے اسٹارز شامل تھے۔

سنگھ صاحب دی گریٹ
نومبر کی 22کو ہی جو دوسری فلم ریلیز ہوئی وہ تھی سنی دیول کی ’سنگھ صاحب دی گریٹ‘۔ فلم میں سنی کی ہیروئن تھیں امرتا راوٴ۔ ’سنگھ صاحب دی گریٹ‘ سنی دیول کے ’ڈائے ہارڈ فینز‘ کے لئے ’ٹریٹ‘ ثابت ہوئی، کیونکہ سنی کی دوسری فلموں کی طرح اس میں ایکشن کی بھرمار تھی۔ فلم اوسط درجے کا ہی بزنس کر پائی۔
XS
SM
MD
LG