رسائی کے لنکس

تحریکِ انصاف کا حکومت کو ایک ماہ میں الیکشن کی تاریخ دینے کا الٹی میٹم


فواد چوہدری، رہنما تحریکِ انصاف۔ فائل فوٹو
فواد چوہدری، رہنما تحریکِ انصاف۔ فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف نے وفاقی حکومت کو ایک ماہ میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

جمعے کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف نے اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کیا ہے جب کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان آئندہ 48 گھنٹوں کےد وران کیا جائے گا۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تنبیہ کی کہ اگر حکومت نے عام انتخابات کی تاریخ نہ دی تو پھر وہ تحریکِ انصاف کے اگلے قدم کے لیے تیار ہو جائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اُن کی جماعت نے یہ کبھی نہیں کہا کہ وہ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔ اُن کے بقول وہ الیکشن سے قبل موجودہ چیف الیکشن کمشنر کو ہٹا کر ہی دم لیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف قومی اسمبلی تحلیل کر کے سیاسی جماعتوں کو دعوت دیں اور عام انتخابات کے قواعد طے کریں۔

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر مہم چلنے کے سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ اس کی مذمت کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن پر مامور فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے میں کور کمانڈر کوئٹہ سمیت چھ فوجی افسران اور اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ عمران خان جمعے کو حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے افسران کے گھر افسوس کے لیے گئے تھے۔

دوسری جانب مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ 9 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں خود امیدوار کے طور پر حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ مہینے قومی اسمبلی کے اسپیکر نے تحریک انصاف کے 11 ارکانِ اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔ جن میں سے دو خواتین کی مخصوص نشستیں ہیں۔

رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے ان 9حلقوں میں 25 ستمبر کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG