رسائی کے لنکس

لاہور: پی ٹی آئی کے پاور شو کی تیاریاں مکمل، عمران خان کو بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کی تجویز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرنےکےلیے تیار ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان مینارِ پاکستان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کرنے کی تجویز دی ہے۔

پی ٹی آئی کےجلسے کے باعث میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین شام چار بجے بند کر دی جائے گی۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین جمعے سے اپنی سروس دوبارہ شروع کرے گی۔

جمعرات کو جلسے کا وقت رات آٹھ بجے مقرر کیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ میں آنے والے افراد کے لیے مختلف انکلوژر بنائے گئے ہیں۔ ایک انکلوژر ارکان پارلیمنٹ کے لیے، ایک فیملی انکلوژر اور عام افراد کے لیے جنرل انکلوژر بنائے گئے ہیں۔

اِسی طرح میڈیا اور سوشل میڈیا کے لیے الگ الگ انکلوژر بنائے گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو جلسہ کی کوریج کے لیے کنٹرینرز پر جگہ بنائی گئی ہے۔

جلسے کے لیے تحریکِ انصاف کی مرکزی قیادت دو روز قبل ہی لاہور پہنچنا شروع ہو گئی تھی۔ پی ٹی آئی کے جلسے سے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے علاوہ سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وفاقی وزیر اسد عمر، سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

جلسے کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ تحریکِ انصاف کے رضاکار بھی فرائض سرانجام دیں گے۔ جلسہ گاہ کے لیے پنجاب پولیس کے 660 اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو تین مختلف سیکیورٹی لیئرز سے گزرنا ہو گا۔

منتظمین کے مطابق تحریکِ انصاف کا مینارِ پاکستان جلسہ عام کے لیے پنڈال میں تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اِس سلسلے میں جلسہ گاہ میں 120 فٹ لمبا اور 40 فٹ اونچا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جب کہ جلسے میں عمران خان کی تقریر دکھانے کے لیے 15 بڑی اسکرینیں لگائی گئی ہیں۔ اِسی طرح لاؤڈ اسپیکر اور روشنیوں کے ٹاور بھی لگائے گئے ہیں۔

منتظمین کے مطابق جلسہ گاہ میں پی ٹی آئی کے جھنڈے اور بینرز تقسیم کیے جائیں گے جب کہ عمران خان کی جلسہ گاہ آمد کے وقت آتش بازی کی جائے گی۔پی ٹی آئی کی قیادت کے مطابق مینارِ پاکستان جلسے میں دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ لاہور پہنچیں گے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے تحریکِ انصاف کی قیادت کو خط لکھ کر مینار پاکستان جلسے میں سیکیورٹی خدشات بارے آگاہ کیا گیا ہے۔

ترجمان ڈی سی لاہور کے مطابق خط میں عمران خان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے سبب وہ جلسہ گاہ آنے کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عمران خان کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات کی اطلاع پر وزارتِ داخلہ کو فوری اور مؤثر اقدامات کی سخت ہدایت کی ہے اور وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ کو ذاتی طور پر نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔

اِس سلسلے میں وزارتِ داخلہ نے وزیرِ اعظم کی ہدایت پر چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ہوم سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کیا ہے اور عمران خان کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

کیا عمران خان نے کراچی سے کیے گئے وعدے پورے کیے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:57 0:00

اِسی طرح وزارت داخلہ نے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی سیکیورٹی کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں عمران خان جہاں بھی جائیں، ان کی سخت سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

مراسلے کے مطابق عمران خان کے جلسے، جلوس اور عوامی سرگرمیوں کے دوران سیکیورٹی سے متعلق غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔

خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد عوامی رابطہ مہم شروع کی ہوئی ہے۔ اِس سے قبل وہ پشاور اور کراچی میں بھی جلسوں سے خطاب کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG